بلوچستان اسمبلی میں ہزارہ برادری کے نو منتخب رکن ’غیر پاکستانی‘ قرار


پاکستان کے صوبہ بلوچستان کی صوبائی اسمبلی کے نومنتخب رکن احمد علی کہزاد کو غیر پاکستانی قرار دیا گیا ہے۔ بی بی سی کے نمائندے محمد کاظم کے مطابق ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کی سربراہی میں قائم ایک کمیٹی نے ان کو غیر پاکستانی قرار دیا ہے جو کہ ہائی کورٹ کے حکم پر ان کی شہریت کے بارے میں چھان بین کررہی تھی۔ احمد علی کہزاد ہزارہ قبیلے سے تعلق رکھنے والی قوم پرست جماعت ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے سیکریٹری جنرل ہیں۔

وہ 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات میں کوئٹہ شہر سے بلوچستان اسمبلی کی نشست پی بی 26 سے رکن منتخب ہوئے تھے۔ انتخابات سے قبل کاغذات نامزدگی کی چھان بین کے دوران اس حلقے سے ریٹرننگ آفیسر نے شناختی کارڈ بلاک ہونے پر ان کے کاغذات نامزدگی کو مسترد کیا تھا۔ ریٹرننگ آفیسر کے فیصلے کے خلاف احمد علی کہزاد نے بلوچستان ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔ ہائیکورٹ نے ان کو انتخاب لڑنے کی اجازت تو دی تھی لیکن اس کے ساتھ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کو ان کے شناختی کارڈ اور شہریت کے بارے میں چھان بین کرنے کا حکم دیا تھا۔ اس کمیٹی نے بلوچستان ہائیکورٹ میں اپنی رپورٹ جمع کرائی ہے جس میں کہا گیا کہ نادرا  نے احمد علی کہزاد کے کمپویٹرائزڈ شناختی کارڈ کی تصدیق نہیں کی ہے۔

بلوچستان ہائیکورٹ میں اس سلسلے میں احمد علی کہزاد نے جو درخواست جمع کرائی ہے اس پر فیصلہ 6 اگست کو متوقع ہے۔ جب کیمٹی کی رپورٹ پر بی بی سی نے احمد علی کہزاد کا رد عمل جاننے کے لیے رابطہ کیا تو انھوں نے کمیٹی کی سفارشات کو مسترد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے 2013 کا انتخاب لڑنے کے علاوہ متعدد بار بلدیاتی انتخابات میں بھی حصہ لیا جن میں کسی بھی انتخاب کے دوران ان کی شہریت پر اعتراض نہیں کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ نئی حلقہ بندیوں کے بعد جب ان کے مخالفین کو یہ معلوم ہوا کہ وہ جیت جائیں گے تو انھوں نے ان کی شہریت کا معاملہ اٹھایا۔ احمد علی کہزاد نے کہا کہ وہ پاکستانی شہری ہیں اور وہ اپنی شہریت کا دفاع کرنے کے لیے ہر دستیاب فورم سے رجوع کریں گے۔ واضح رہے کہ عام انتخابات میں بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 26 سے احمد علی کہزاد نے پانچ ہزار سے زائد ووٹ حاصل کر کے متحدہ مجلس عمل کے امیدوار ولی محمد کو شکست دی تھی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32289 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp