رواں ماہ، دو میں سے کوئی ایک فلم نمائش کے لیے پیش کردی جائے گی


قیام پاکستان سے لے کر اب تک بڑی بڑی فلمیں وطن عزیز کے سیاسی افق پر جلوہ گر ہوتی رہی ہیں۔ ” مغالطہ پاکستان ‘‘ میں ان فلموں اور ان کے اداکاروں کا تذکرہ اس طرح نہیں ملے گا، جس طرح کی اداکاری کے جوہر ان اداکاروں نے فلموں میں دکھائے ہیں۔ لہٰذا، یہ مضمون طالب علموں کو وطن عزیز کی سیاسی فلمی تاریخ سے آگاہ کرنے کے لیے زیر قلم لایا گیا ہے۔

تو پیارے بچو ں : وطن عزیز میں کبھی فلمی دور ہوتا تو کبھی غیر فلمی۔ یہ پروڈیوسر پر ہوتا ہے کہ فلم بنائے یا نہ بنائے۔ غیر فلمی دور میں جزوی اداکاری ان اداکاروں سے ہی کروائی جاتی ہے، جو فلمی دورمیں نمائش کے لیے پیش کی جانے فلم میں اداکاری کے جوہر دکھاتے ہیں۔ جب عوام فلمی دور کو یاد کرتے ہیں، تو پروڈیوسر کوکبھی عوامی اور کبھی بین الاقوامی دباؤ پر اپنا بوریا بستر لپیٹ کر فلمی دور کا از سر نو آغاز کرنے کے لیے فلم بنانی پڑتی ہے۔ پروڈیوسر ایک وقت میں ہمیشہ د و فلمیں بناتا ہے، یہ پروڈیوسر کی مرضی پر ہوتا ہے کہ کون سی فلم نمائش کے لیے پیش کرے اور کون سی نہیں۔

وطن عزیز میں الحمدللہ گزشتہ دس سال سے فلمی دور چل رہا ہے۔ ہر پانچ سال بعد دو فلمیں بن رہی ہیں، لیکن پروڈیوسر نمائش کے لیے ایک ہی فلم پیش کرتا ہے اور ہیرو سے کہتا ہے کہ اداکاری عین اسکرپٹ کے مطابق کرنی ہوگی۔ اسکرپٹ کے مطابق اداکاری نہیں کی تودوسرے ہیرو کو موقع دے دیا جائے گا۔ ہیرو، ہیرو ہوتا ہے، ہیرو نے بھی کبھی کسی کی سنی ہے۔ عوام کو خوش کرنے کے لیے ہیر و جب موج میں آکر اسکرپٹ سے ہٹ کر پرفارمنس دکھاتا ہے، تو فلم کی نمائش تو جاری رہتی ہے، لیکن ’ اسٹار پلس ‘ کے ڈراموں کی طرح ہیرو تبدیل ہوتے رہتے ہیں۔

2013 ء میں جو فلم نمائش کے لیے پیش کی گئی تھی، پانچ سال مکمل ہونے پر فلم کی نمائش تو بند کردی گئی، لیکن دوران نمائش فلم کے ہیرو کے ساتھ 2008 ء میں پیش کی جانے والی فلم کے ہیرو سے بھی زیادہ بد سلوکی کرکے فلم سے علیحدہ کیا گیا۔ 2013 ء سے 2018 ء تک پروڈیوسر صاحب ایک نئے فلمی پروجیکٹ ” کنگ آف یو ٹرنز ‘‘ پر کام کرتے رہے، جس میں ہیرو اور اداکارسابقہ فلموں کے ہیرو ؤں اور اداکاروں سے قطعی مختلف ہیں۔

سابقہ فلموں کے ہیرو موجودہ فلمی صورت حال سے پریشان ہیں۔ ” کنگ آگ یو ٹرنز ‘‘ نامی فلمی پروجیکٹ سابقہ فلموں کے ہیرو ؤں اور اداکاروں کے علم میں تھا۔ اس لیے درپردہ سابقہ فلموں کے ہیرو اور اداکار اپنے زور بازو پر فلم بنانے کے لیے تیار تھے۔ جیسے ہی ” کنگ آف یو ٹرنز ‘‘ کی رواں ماہ نمائش کا اعلان ہوا، سابقہ فلموں کے ہیروؤں اور اداکاروں نے اپنی فلم ” کنگ آف تھیوز ‘‘ کا ٹریلر جاری کردیا۔ فلم میں ریاستی اداکاروں نے مملکت کے بڑے چوروں اور منافقوں کے کردار نبھائے ہیں، چند روز میں فلم کی کہانی بھی منظر عام پر آنے کا امکان ہے۔

فلم ” کنگ آف یو ٹرنز ‘‘ کے متعلق با وثوق غیر مصدقہ ذرائع سے علم میں آیا ہے کہ فلم میں نئے ہیرو اورنئے ریاستی اداکاروں کے ساتھ، وہ ریاستی اداکار بھی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے، جن کو فلم ” کنگ آف تھیوز ‘‘ میں اداکاری کے جوہر دکھانے سے منع کردیا گیا ہے۔ دونوں فلموں میں غیر ریاستی اداکاروں نے بھی مختلف نوعیت کے کردار نبھائے ہیں۔ امید تو یہی ہے کہ پروڈیوسر صاحب کی فن کاری کام آئے گی اور ” کنگ آف یو ٹرنز ‘‘ جلد نمائش کے لیے پیش کردی جائے گی۔ اب یہ فلم ” کنگ آف تھیوز ‘‘ کے اداکاروں پر منحصر ہے کہ وہ اپنی فلم پروڈیوسر صاحب کی بنائی گئی فلم کی نمائش سے قبل کامیابی سے مکمل کر پاتے ہیں کہ نہیں۔ عوام تو رواں ماہ، ان دونوں فلموں میں سے کوئی بھی ایک فلم دیکھنے کو تیار ہیں، کیونکہ ان کے نصیب میں ایسی ہی فلمیں دیکھنا ہیں۔ کون سی فلم کتنے ہفتے، مہینے، سال چلتی ہے، یہ تو آنے والا وقت بتائے گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).