بھارتی میزائل تجربے کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھائیں گے : سرتاج عزیز


Sartajوزیراعظم نواز شریف کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے ہندوستان کی جانب سے سپر سونک میزائل کے تجربے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس معاملے کو عالمی سطح پر اٹھائے گا۔
ریڈیو پاکستان کی ایک رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے میزائل ٹیسٹ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ اس طرح خطے میں طاقت کا توازن بگڑے گا، ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ پاکستان جدید ٹیکنالوجی کے حصول کے ذریعے اپنی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ جاری رکھے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان کو امریکا کا تعاون حاصل ہے، کیونکہ واشنگٹن کا خیال ہے کہ ایک مضبوط ہندوستان ہی چین کو زیر کرنے کے لیے اہم ہے۔
مشیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان ان واقعات کے خلاف عالمی سطح پر اپنی آواز بلند کرے گا۔
واضح رہے کہ سرتاج عزیز کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ہندوستان نے بیلسٹک میزائل کو فضا میں ہی تباہ کرنے کی صلاحیت رکھنے والے مقامی طور پر تیار کیے گئے سپر سونک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ میزائل کا تجربہ 15 مئی کو مقامی وقت کے مطابق صبح 11 بج کر 15 منٹ پر کیا گیا، سپر سونک میزائل کو ریاست اڑیسہ کے ساحلی علاقے میں عبد الکلام جزیرے پر پوزیشن کیا گیا تھا اور اس نے ٹریکنگ ریڈار سے سگنل ملتے ہی اپنے ہدف کو نشانہ بنایا۔
ڈیفنس ریسرچ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (ڈی آر ڈی او) ذرائع کے مطابق ساڑھے 7 میٹر لمبا سپر سونک میزائل نیوی گیشن سسٹم، جدید کمپیوٹر اور الیکٹرو مکینکل ایکٹیویٹر سے لیس ہے، جبکہ اس کا اپنا موبائل لانچر بھی ہے۔
ذرائع کے مطابق ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنانے کے لیے میزائل کے ساتھ محفوظ ڈیٹا لنک، آزاد ٹریکنگ اور جدید ترین ریڈار کی صلاحیت بھی موجود ہے۔


Comments

FB Login Required - comments