ویراٹ کوہلی کی سنچری اور نصف سنچری مگر انگلینڈ سنسنی خیز مقابلے کے بعد فاتح


کرکٹ

انگلینڈ کے شہر برمنگھم کے ایجبیسٹن کے میدان میں انگلینڈ اور انڈیا کے درمیان کھیلے جانے والا پہلا ٹیسٹ میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد چوتھے روز ہی ختم ہو گیا، جس میں میزبان ٹیم نے 31 رنز سے کامیابی اپنے نام کر لی ہے۔

انڈیا کو یہ میچ جیتنے کے لیے 194 رنز کا ہدف ملا تھا جس کے تعاقب میں اس کی تمام ٹیم 162 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

ہفتے کے دن جب پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن کے کھیل کا آغاز ہوا اور انڈیا نے 110 رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ سے اپنی دوسری اننگز دوبارہ شروع کی تو اس وقت کپتان وراٹ کوہلی اور دنیش کارتک میدان میں اترے۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

وراٹ کوہلی نے اسی ٹیسٹ میچ میں انڈیا کی پہلی اننگز میں انگلینڈ میں اپنے کریئر کی ایک عمدہ اور طویل اننگز کھیل کر ٹیم کو میچ میں واپس آنے کی امید دلائی تھی۔ انھوں نے پہلی اننگز میں 149 رنز بنائے تھے۔

دوسری اننگز میں بھی وراٹ کوہلی نصف سنچری تو سکور کرنے میں کامیاب رہے لیکن اپنی ٹیم کو جیت سے ہمکنار نہ کروا سکے اور 51 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

کرکٹ

پانچ ٹیسٹ میچوں کی اس سیریز میں انگلینڈ کو برتری تو حاصل ہو گئی ہے لیکن ان کے لیے بھی یہ ٹیسٹ میچ جیتنا اتنا آسان نہیں تھا۔

میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا تو میچ کے پہلے ہی روز اس کی پوری ٹیم 287 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ جواب میں انڈیا کی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 274 رنز بنائے اور اس طرح انگلینڈ کو 13 رنز کی برتری حاصل ہو گئی۔

انگلینڈ کی جانب سے نوجوان کھلاڑی سیم کرن نے عمدہ کھیل پیش کیا اور پہلی اننگز میں پانچ وکٹیں لے کر جبکہ دوسری اننگز میں ایک مشکل وقت پر صرف 65 گیندوں پر 63 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو 194 رنز کی برتری دلا دی۔

سیم کرن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

انڈیا کی جانب سے ایشانت شرما اور روی چندرن ایشون میچ میں بالترتیب چھ اور سات وکٹیں لے کر نمایاں بولر رہے، جبکہ انگلینڈ کی جانب سے دوسری اننگز میں بین سٹوکس چار وکٹیں لے کر نمایاں رہے۔ سٹوکس کی ان چار وکٹوں میں وراٹ کوہلی کی اہم موقعے پر قیمتی وکٹ بھی شامل ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ نو اگست سے لندن میں کھیلا جائے گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp