میرے شوہر کے ساتھ اپنا تعلق ختم کردو


’میرے شوہر کے ساتھ اپنا تعلق ختم کردو‘ خاتون نے اپنی ہمسائی کے نام خط لکھ دیا، لیکن یہ خط بھیجنے کی بجائے کہاں لگادیا؟ جان کر آپ کی بھی ہنسی نہ رکے گی

کسی خاتون کو پتا چل جائے کہ ہمسائی نے اس کے شوہر سے خفیہ مراسم بنا رکھے ہیں تو محلے میں جنگ کا سماں پیدا ہونا لازمی دکھائی دیتا ہے، مگر برطانوی شہر لندن سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون نے کمال خاموشی سے یہ مسئلہ حل کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس نے ہمسائی سے گالم گلوچ کرنے کی بجائے اس کے نام صرف ایک خط لکھ دیا۔ شاید آپ بھی سوچ رہے ہوں گے کہ یہ تو بہت ہی خاموش انداز ہے، لیکن معاملہ اس کے بالکل برعکس ثابت ہوا ہے۔

ہوا کچھ یوں ہے کہ شمالی لندن کے علاقے والتھمسٹو سے تعلق رکھنے والی اس خاتون نے اپنی ہمسائی کے نام لکھا گیا خط اس کے گھر کے بیرونی دروازے پر چھوڑ دیا۔ کسی نے اس کی تصویر بنائی اور سوشل میڈیا پر پوسٹ کر دی۔ ہمسائی تک تو نجانے یہ خط پہنچا یا نہیں البتہ انٹرنیٹ پر ہزاروں لوگوں تک پہنچ چکا ہے۔

ایڈی فرینکل نامی ٹوئٹر صارف کے اکاؤنٹ پر پوسٹ کئے گئے اس خط کا مختصر مضمون کچھ یوں ہے: ’’ ہاؤس نمبر36 والی امیلیا کے نام: براہ کرم میرے شوہر کے ساتھ تعلق ختم کر دو۔ ‘‘ تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یہ خط ایک گھر کی بیرونی دیوار کے ساتھ پڑا ہے۔

اس واقعے نے انٹرنیٹ صارفین کو خوب محظوظ کیا ہے اور ہر کوئی اس پر اپنے انداز میں تبصرہ کر رہا ہے۔ ایک اطالوی خاتون نے لکھا ’’یہ تو انتہائی انگریزی انداز ہے۔ میں اس خاتون کی جگہ ہوتی تو خط لکھنے کی بجائے سیدھی ہمسائی کے گھر جا کر اس کے بال نوچتی۔ ‘‘کیتھرین ڈیم کا کہنا تھا ’’میں نے آج تک اس سے بڑھ کر شائستہ ڈرامہ نہیں دیکھا۔‘‘ اولیور بال نامی نوجوان نے اس واقعے کو اپنے لئے فخر کی بات قرار دے دیا۔ بھلا وہ کیوں؟ کیونکہ اس کا تعلق بھی لندن کے اسی علاقے سے ہے۔ اولیور نے لکھا ’’آہا! یہی تو باتیں ہیں جن کی وجہ سے میں فخر کرتا ہوں کہ میرا تعلق اس علاقے سے ہے۔‘‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).