پی ٹی آئی کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی کی صحافیوں کو دھمکیاں


 

پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر اور نو منتخب رکن سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی نے حلف اٹھانے سے قبل ہی میڈیا کو دھمکیاں دینا شروع کر دیں. پریس کانفرنس کے دوران فردوس شمیم نقوی صحافیوں پر مقدمات قائم کرنے کی دھمکیاں دینے لگے۔ صحافتی تنظیموں کا کہنا ہے کہ عمران خان حکومت تشکیل دینے سے قبل دھمکیوں پر فردوس شمیم نقوی سے سختی سے باز پرس کریں۔

تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس کے دوران ایک صحافی نے فردوس شمیم نقوی سے سوال کیا کہ ایئرپورٹ کے پیچھے گلشن رومی کے رہائشیوں نے آپ کے خلاف عدالت سے رجوع کر رکھا ہے۔ رہائشیوں کا کہنا ہے کہ آپ بلڈر مافیا کے طور پر کام کر رہے ہیں، ایئرپورٹ سے5سو میٹر کے فاصلے پر بڑا پروجیکٹ شروع کر رکھا ہے جو ماحولیات، ایئرپورٹ سیکورٹی اور بلڈنگ رولز کی خلاف ورزی ہے۔ فردوس شمیم نقوی نے صحافی کو دھمکی دی کہ اگر میں آپ پر کیس درج کرا دوں تو؟ جس پر صحافی نے جواب دیا کہ آپ شوق سے میرے خلاف مقدمہ درج کرائیں، میں نے صرف آپ سے سوال پوچھا ہے جو میرا حق ہے۔ جس کے بعد فردوس شمیم نقوی کی پریس کانفرنس سے صحافی اٹھ کر چلے گئے۔

فردوس شمیم نقوی پھر صحافیوں کے پاس گئے اور کہا آپ لوگوں نے اچھا نہیں کیا۔ جس پر صحافیوں نے جواب دیا کہ ہم سوالات پوچھیں گے۔ سوالات پوچھنا میڈیا کا کام ہے۔ صحافتی تنظیموں نے پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت اور چیئرمین عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت تشکیل دینے سے قبل صحافیوں کو مقدمات کی دھمکیاں دینے پر فردوس شمیم نقوی سے سختی سے باز پرس کی جائے۔ فردوس شمیم نقوی پی ٹی آئی کے لئے ابتدا میں ہی مشکلات پیدا کر رہے ہیں۔ بصورت دیگر ملک گیر سطح پر احتجاج کیا جائے گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).