پاکستانی کرکٹرز کے لیے سینٹرل کنٹریکٹ کی رقم میں اضافہ، بابر اعظم کی ترقی، حفیظ کی تنزلی

عبدالرشید شکور - بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی


بابر اعظم

Getty Images
بابراعظم گذشتہ سینٹرل کنٹریکٹ میں بی کیٹگری میں تھے

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس سال 23 کرکٹرز کو سینٹرل کنٹریکٹ دینے کا اعلان کردیا ہے جن میں سے چھ کرکٹرز کو اے کیٹیگری میں شامل کیا ہے۔

سینٹرل کنٹریکٹ کی رقم میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کو ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی 20 میں دی جانے والی میچ فیس میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔

اس سال سینٹرل کنٹریکٹ میں اے کیٹگری پانے والے کرکٹرز کو پونے نو لاکھ روپے ملیں گے۔

بی کیٹیگری کے کرکٹر کو تقریباً ساڑھے پانچ لاکھ روپے، سی کیٹیگری کے کرکٹر کو پونے چار لاکھ روپے جبکہ ڈی کیٹیگری کے کرکٹر کو تقریباً دو لاکھ روپے اور پہلی بار متعارف کرائی جانے والی ای کیٹیگری کے کرکٹر کو تقریباً ایک لاکھ روپے ملیں گے۔

اے کیٹگری میں شامل کرکٹر کو ٹیسٹ میچ کا معاوضہ ساڑھے گیارہ لاکھ روپے ملے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس سال چھ کرکٹرز کو اے کیٹگری میں شامل کیا ہے جن میں کپتان سرفراز احمد، اظہرعلی، شعیب ملک، محمد عامر،یاسر شاہ اور بابراعظم شامل ہیں۔

بابراعظم گذشتہ سینٹرل کنٹریکٹ میں بی کیٹگری میں تھے جبکہ محمد حفیظ کو اس سال اے سے ہٹا کر بی کیٹیگری میں رکھا گیا ہے۔

حفیظ

Getty Images
محمد حفیظ کو اس سال اے سے ہٹا کر بی کیٹیگری میں رکھا گیا ہے

بی کیٹگری کے کرکٹرز میں محمد حفیظ، فہیم اشرف، اسد شفیق، حسن علی، فخرزمان اور شاداب خان شامل ہیں۔

سی کیٹگری محمد عباس، وہاب ریاض، جنید خان، حارث سہیل، امام الحق، محمد نواز، عثمان خان شنواری، شان مسعود اور عماد وسیم پر مشتمل ہے۔

ڈی کیٹگری میں رومان رئیس، آصف علی، راحت علی، عثمان صلاح الدین اور حسین طلعت شامل ہیں۔

پہلی بار متعارف کردہ ای کیٹگری میں بلال آصف، سعد علی، محمد رضوان، شاہین آفریدی، صاحبزادہ فرحان، عمید آصف اور میر حمزہ شامل ہیں۔

احمد شہزاد جو گذشتہ سینٹرل کنٹریکٹ میں سی کیٹگری میں شامل تھے ڈوپنگ میں معطلی کی وجہ سے اس بار سینٹرل کنٹریکٹ میں جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہوسکے ہیں۔

image_pdfimage_print
Comments - User is solely responsible for his/her words


اگر آپ یہ سمجھتے ہیں کہ ”ہم سب“ ایک مثبت سوچ کو فروغ دے کر ایک بہتر پاکستان کی تشکیل میں مدد دے رہا ہے تو ہمارا ساتھ دیں۔ سپورٹ کے لئے اس لنک پر کلک کریں

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 5682 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp