ٹیران وائٹ کیس: عمران خان کے خلاف درخواست کی سماعت کرنے والا اسلام آباد ہائی کورٹ کا بنچ پھر ٹوٹ گیا


اسلام آباد ہائی کورٹ میں تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کو وزارتِ عظمیٰ کے حلف سے روکنے کے حوالے سے درخواست کی سماعت کرنے والا بنچ فیصلہ محفوظ کرنے کے بعد ایک بار پھر ٹوٹ گیا۔ جسٹس عامر فاروق نے کیس کی مزید سماعت سے معذرت کر لی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار حافظ احتشام ذاتی حیثیت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ عمران خان آئین کے آرٹیکل باسٹھ کے تحت رکن قومی اسمبلی بننے کے اہل نہیں۔ ان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان نے بھی اپنی کتاب میں عمران خان پر سنگین الزامات عائد کئے، ایسے شخص کا وزیرِاعظم بننا ملکی سالمیت اور وقار کیخلاف ہے،عدالت عمران خان کی اہلیہ ریحام خان کو بھی اپنی کتاب میں لگائے گئے الزامات کے شواہد فراہم کرنے کا حکم دے۔

درخواست میں وفاق، الیکشن کمیشن، سپیکر قومی اسمبلی اور ریحام خان کو بھی فریق بنایا گیا۔ بنچ نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا تاہم بعد میں جسٹس عامر فاروق نے کیس کی مزید سماعت سے معذرت کرتے ہوئے معاملہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کو بھجوا دیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).