الیکشن کمیشن نے عمران خان کی کامیابی کے نوٹیفکیشن روک لیے


 

پاکستان الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی 5 حلقوں سے کامیابی کا نوٹیفکیشن روک لیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق عمران خان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن ضابط اخلاق کی خلاف ورزی کے باعث روکا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے تاہم عمران خان کی کامیابی کا کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا ۔

عمران خان کے خلاف الیکشن کمیشن میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا کیس زیر سماعت ہے ،پی ٹی آئی چیئرمین نے ووٹ کی راز داری کی خلاف ورزی کی تھی۔ اور ووٹ کو پولنگ بوتھ سے باہر لا کر میڈیا کے سامنے مہر لگائی تھی۔

پی ٹی آئی چیئرمین این اے 35،53،95،131،243 سےالیکشن میں کامیاب ہوئے تھے لیکن ان کی کامیابی نوٹیفکیشن روک لیا گیا ہے ۔ عمران خان کی این اے 131 میں کامیابی کا نوٹیفکیشن خواجہ سعد رفیق کی درخواست پر لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر روکا گیا ہے، باقی 4 حلقوں کے حوالے سے کیس الیکشن کمیشن میں زیر سماعت ہے۔

الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق تمام نو منتخب ارکان اسمبلی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر جاری کئے گئے ہیں جبکہ عدالت کی جانب سے روکے گئے نوٹیفکیشن جاری نہیں کئے گئے۔

الیکشن کمیشن نے این اے 25 نوشہرہ سے پرویز خٹک کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی روک لیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق پرویز خٹک کی کامیابی کا نوٹیفکیشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے کیس کے فیصلے سے مشروط کردیا گیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).