’دفعہ 35 اے گئی تو کشمیر فلسطین بن جائے گا`

ریاض مسرور - بی بی سی اردو ڈاٹ کام، سرینگر


کشمیر

EPA
کشمیر کے مخلتف علاقوں میں 35 اے کے حق میں مظاہرے کیے گئے

انڈیا کے آئین میں جموں کشمیر کی خصوصی شہریت کے حق سے متعلق دفعہ 35-A کا مسئلہ کشمیر سے بھی پرانا ہے۔ اس قانون کی رُو سے جموں کشمیر کی حدود سے باہر کسی بھی علاقے کا شہری ریاست میں غیرمنقولہ جائیداد کا مالک نہیں بن سکتا، یہاں نوکری حاصل نہیں کرسکتا اور نہ کشمیر میں آزادانہ طور سرمایہ کاری کرسکتا ہے۔

یہ قوانین ڈوگرہ مہاراجہ ہری سنگھ نے سنہ 1927 سے 1932 کے درمیان مرتب کیے تھے اور ان ہی قوانین کو سنہ 1954 میں ایک صدارتی حکمنامہ کے ذریعہ آئین ہند میں شامل کرلیا گیا۔

انڈیا کی ہندو قوم پرست جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) گذشتہ 70 سال سے کشمیر سے متعلق انڈین آئین میں موجود اُن تمام حفاظتی دیواروں کو گرانا چاہتی ہے جو جموں کشمیرکو دیگر بھارتی ریاستوں سے منفرد بناتی ہیں۔ مثال کے طور پرجموں کشمیر کا اپنا آئین ہے اور ہندوستانی آئین کی کوئی شق یہاں نافذ کرنی ہو تو پہلے مقامی اسمبلی اپنے آئین میں ترمیم کرتی ہے اور اس کے لیے اسمبلی میں اتفاق رائے ضروری ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

کیا کشمیر فلسطین بن جائے گا؟

‘ایک دن مسلمان کشمیر میں اقلیت بن جائیں گے’

حالانکہ کشمیر کی خودمختاری کی اب وہ صورت نہیں رہی جو 70 سال قبل تھی۔ یہاں پاکستانی زیرانتظام کشمیر کی طرح وزیراعظم ہوتا تھا اور صدرریاست ہوتا تھا۔ لیکن اب دیگر ریاستوں کی طرح گورنر اور وزیراعلی ہوتا ہے۔ تاہم 35-A کی آئینی شق ابھی بھی ریاست کے باشندوں کو غیرکشمیریوں کی بے تجاشا آبادکاری سے بچارہی ہے۔ اسی شق کو بی جے پی کی حامی این جی او ‘وی دا سٹیزنز’ نے سپریم کورٹ میں چلینج کیا ہے۔

سپریم کورٹ میں کیا ہوگا؟

کشمیر

EPA
کشمیر میں سکیورٹی فورسز کی موجودگی کی پالیسی اپنائی جا رہی ہے

سپریم کورٹ میں اس کیس کی سماعت کئی سال سے ہورہی ہے اور اکثر اوقات سماعت موخر ہوجاتی ہے۔ آئینی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر کوئی فرد یا جماعت آئین کی کسی شق کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرے تو حکومت ہند عدالت میں اس کا دفاع کرتی ہے۔ لیکن نریندرمودی کی قیادت والی بی جے پی حکومت نے ایسا نہیں کیا۔

ظاہر ہے بی جے پی بھی چاہتی ہے کہ جموں کشمیر کا بھارت کے ساتھ مکمل ادغام ہو، لہذا حکومت اس معاملے میں خاموش ہے اور عندیہ یہ دیا جارہا ہے کہ جو کچھ کرے گی سپریم کورٹ کرے گی۔ 6 اگست کو اس کیس کی سماعت تین میں سے ایک جج کی غیرحاضری کے باعث موخر ہوگئی تاہم اگلی سماعت کی تاریخ 27 اگست مقرر کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

کیا کشمیر کی مخصوص شناخت برقرار رہ پائے گی؟

کشمیر:اب سوال نریندر مودی سے پوچھا جائے گا

تجزیہ نگار کہتے ہیں کہ سپریم کورٹ یا تو ایک وسیع آئینی بینچ کا تعین کرکے اس معاملے پر دوبارہ غور کرے گی اور بعد ازاں یہ بھی ہوسکتا ہے کہ 35-A کو پارلیمنٹ میں بحث اور توثیق کے لیے ریفر کیا جائے۔ بی جے پی کے اعتراض کی بنیاد ہھی یہی ہے کہ اس آئینی دفعہ کو ‘چوردروازے’ سے آئین میں داخل کرایا گیا اور پارلیمنٹ میں اس پر نہ بحث ہوئی اور نہ اس کی توثیق ہوئی۔

دفعہ 35-A ختم ہوئی تو کیا ہوگا؟

کشمیریوں کو خدشہ ہے کہ اگر آئینِ ہند میں موجود یہ حفاظتی دیوار گر گئی تو وہ فلسطینیوں کی طرح بے وطن ہوجائیں گے، کیونکہ کروڑوں کی تعداد میں غیرمسلم آبادکار یہاں بس جائیں گے، جو ان کی زمینوں، وسائل اور روزگار پر قابض ہوجائیں گے۔

یہ خدشہ صرف علیحدگی پسند حلقوں تک محدود نہیں۔ ہند نواز سیاسی حلقے بھی اس دفعہ کے بچاو میں پیش پیش ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ گذشتہ اتوار اور پیر کو کشمیر ہی نہیں بلکہ کرگل اور جموں کے سبھی مسلم اکثریتی علاقوں میں سخت ترین ہڑتال کی گئی۔

تجزیہ نگار پروفیسر حمیدہ نعیم کہتی ہیں: ‘دراصل بی جے پی مسئلہ کشمیر کو اپنے حساب سے حل کرنا چاہتی ہے۔ اسے لگتا ہے کہ کشمیریوں کے علیحدگی پسند جذبات کی بنیادی وجہ دفعہ 35-A ہے، اسے ختم کیا گیا تو سب کچھ ٹھیک ہوجائے گا۔ کیونکہ بعد میں یہاں کی آباد میں مسلمانوں کا تناسب حد درجہ گھٹ جائے گا۔’

یہ بھی پڑھیے

کیا کشمیر کا مسئلہ اب دھندلا پڑ گیا ہے؟

یروشلم کے اعلان پر کشمیری برہم

ہند نواز جماعتوں نیشنل کانفرنس اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کا کہنا ہے کہ جموں کشمیر سنہ 1947 میں ایک خودمختار ریاست تھی جس نے بعض اختیارات ایک الحاق نامہ کے تحت بھارت کو دے دیے۔ ان میں دفاع، مواصلات اور کرنسی ہیں۔

نیشنل کانفرنس کے رہنما فاروق عبداللہ کہتے ہیں: ‘اگر 35-A کو ختم کیا گیا تو الحاق بھی ختم ہوجائے گا۔’ پی ڈی پی کی سربراہ اور سابق وزیراعلی محبوبہ مفتی نے تو یہاں تک کہہ دیا ہے کہ ‘اگر 35-A کو چھیڑا گیا تو کشمیر میں بھارتی ترنگا لہرانے والا کوئی کشمیری نہیں ہوگا۔’

کیا صرف کشمیریوں کو خطرہ ہے؟

کشمیر

EPA

پہلی جنگ عظیم کے بعد انڈیا کے پنجاب، ہریانہ اور دلی جبکہ پاکستان کے پنجاب اور سندھ سے لاکھوں لوگ کشمیر میں کاروبار کے سلسلے میں آتے تھے اور ان میں سے بیشتر یہاں آباد بھی ہوجاتے۔ 1927 میں جموں کے ہندو ڈوگروں نے اسُ وقت کے مہاراجہ ہری سنگھ سے کہا کہ اگر یہی سلسلہ جاری رہا تو جموں کشمیر کے پشتینی باشندے اقلیت میں بدل جائیں گے اور ان کی روزی روٹی بھی ختم ہوجائے گی۔

بعد ازاں کئی سال تک قانون سازی کی گئی اور حق باشندی کا قانون یا ‘سٹیٹ سبجیکٹ لا’ وجود میں آیا۔

جموں میں نیشنل کانفرنس کے رہنما دیوندر سنگھ رانا کہتے ہیں: ‘دفعہ 35-A کو ختم کیا گیا تو جموں کے ڈوگروں کی شناخت ہی ختم ہوجائے گی۔ یہاں جموں کشمیر کی پولیس نہیں بلکہ پنجاب پولیس نظر آئے گی جو ڈوگروں پر ظلم کرے گی۔ نوجوانوں کے روزگار پر اثر پڑے گا، ہماری منفرد ثقافت کو بھارت سے آنے والے کروڑوں لوگ نگل لیں گے۔’

کیا 35-A پر سیاست ہورہی ہے

مودی اور محبوبہ مفتی

Reuters

تجزیہ نگار ریاض ملک کا کہنا ہے کہ بی جے پی ہمیشہ مسلم بیشنگ اور ہندوتوا کارڈ کی بنیاد پر انتخابات لڑتی ہے۔ نریندر مودی کے چار سالہ دور اقتدار میں معشیت میں بہتری، روزگار، تعمیرو ترقی کے ضمن میں کچھ نہیں ہوا۔

انھوں نے کہا: ‘پاکستان کے خلاف جارح پالیسی بھی تلخ کلامی تک محدود رہی۔ ایودھیا میں رام مندر بھی نہیں بن پایا۔ اب لے دے کے کشمیر بچتا ہے، جہاں بی جے پی اپنی نظریاتی فتح کا جھنڈا گاڑنا چاہتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ گذشتہ کئی برس سے کشمیر میں نہ صرف سخت ترین سکیورٹی پالیسی پر عمل ہورہا ہے بلکہ کشمیر کے مسلم اکثریتی کردار پر بھی حملے ہورہے ہیں۔’

دوسری جانب گذشتہ تین سال سے ہند نواز حلقوں کو شدید عوامی ناراضگی کا سامنا ہے۔ وہ بھی اس موقعہ کو غنیمت جانتے ہوئے عوامی ہمدردی بحال کرنے کی کوشش میں ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ علیحدگی پسندوں کی کال پر مظاہروں اور ہڑتال کی جو کال دی گئی تھی اس میں ان جماعتوں کے کارکنوں نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

image_pdfimage_print
Comments - User is solely responsible for his/her words


اگر آپ یہ سمجھتے ہیں کہ ”ہم سب“ ایک مثبت سوچ کو فروغ دے کر ایک بہتر پاکستان کی تشکیل میں مدد دے رہا ہے تو ہمارا ساتھ دیں۔ سپورٹ کے لئے اس لنک پر کلک کریں

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 6001 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp