’الیکشن دھاندلی‘: متحدہ اپوزیشن کا الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج آج


پاکستان میں حالیہ انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف پاکستان مسلم لیگ نواز، پاکستان پیپلز پارٹی اور دیگر پانچ جماعتیں آج یعنی بدھ کو اسلام آباد میں پاکستان الیکشن کمیشن کے دفتر کے سامنے مظاہرہ کریں گی۔

متحدہ اپوزیشن میں مسلم لیگ نواز اور پیپلز پارٹی کے علاوہ عوامی نیشنل پارٹی، قومی وطن پارٹی، متحدہ مجلس عمل، پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی اور نیشنل پارٹی شامل ہیں

مسلم لیگ نواز سیکریٹیریٹ سے جاری ایک بیان میں نواز لیگ کے رہنماؤں اور امیدواروں کو بدھ کے روز اسلام آباید کے ریڈ زون میں واقع الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر جمع ہونے کا کہا گیا ہے۔

نئی پارلیمان میں فرینڈلی یا ایک منقسم حزب اختلاف؟

’وزارت عظمیٰ کا امیدوار ن لیگ اور سپیکر پی پی پی سے ہوگا‘

’صرف وہی حلقے کھلوا لیں جہاں عمران خان جیتے ہیں‘

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے سامنے ’الیکشن میں پاکستانی تاریخ کی بدترین دھاندلی کے خلاف اپنا احجاج ریکارڈ کرایا جائے گا‘۔

احتجاجی مظاہرے کے دوران اپوزیشن اتحاد میں شامل جماعتوں کے قائدین خطاب بھی کریں گے۔

متحدہ مجلس عمل کے صدر مولانا فضل الرحمٰن نے ایک ویڈیو پیغام میں عوام سے ملک بھر میں احتجاج کی اپیل کی ہے اور کہا کہ تمام پارٹیوں کے قومی اسمبلی کے امیدوار کل الیکشن کمیشن کے سامنے اکٹھے ہوں اور ملک بھر کی تمام سیاسی جماعتوں کے کارکن صوبائی الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج ریکارڈ کروائیں۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ کارکن قوت کے ساتھ جمع ہوں اور انتخابی دھاندلی کے خلاف ملک کی بڑی شاہراہوں پر آکر اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں۔

دوسری جانب پاکستن مسلم لیگ کے رہنما مشاہد حسین سید نے نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں پارلیمنٹ کے باہر جمع ہوں گی اور وہاں سے الیکشن کمیشن کی جانب مارچ کریں گی۔

اپوزیشن

جیو سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا ’الیکشن کمیشن پہنچ کر قائدین یہ فیصلہ کریں گے کہ احتجاج کتنی دیر تک جاری رکھا جائے گا۔‘

پاکستان پیپلز پارٹی پہلے ہی کہہ چکی ہے کہ وہ لوگوں کو سڑکوں پر نکال کر مظاہرے کرنے کے حق میں نہیں ہے بلکہ انتخابات میں ہونے والی مبینہ دھاندلی کے خلاف ایوان کے اندر آواز اٹھائیں گے۔

واضح رہے کہ 28 جولائی کو جماعت مسلم لیگ نون کے حالیہ انتخابات میں شکست کے بعد بلائی جانے والی آل پارٹیز کانفرنس میں سیاسی جماعتوں نے 25 جولائی کے انتخابات کو مکمل طور پر مسترد کر دیا تھا۔اسلام آباد میں آل پارٹیز کانفرنس کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں جمعیت علما اسلام (ف) کے رہنما مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ ’تمام سیاسی جماعتیں پورے اتفاق رائے کے ساتھ منعقدہ انتخابات کو مسترد کرتی ہیں، کیونکہ یہ عوام کا مینڈیٹ نہیں بلکہ عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’ہم اُن (پاکستان تحریک انصاف) کی اکثریت کے دعوے کو تسلیم نہیں کرتے، اسے چیلنج کرتے ہیں‘۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp