عمران خان بمقابلہ سعد رفیق؛ حلقہ این اے 131 میں دوبارہ گنتی کا حکم معطل کیوں ہوا؟


جنگ نیوز

سپریم کورٹ نے این اے 131 لاہور میں دوبارہ گنتی سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کا حکم معطل کر دیا اور عمران خان کی درخواست سماعت کے لیے منظور کرلی۔

اس موقع پر عدالت میں مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق کے وکیل کا کہنا تھا کہ عمران خان نے تو تمام حلقے کھولنے کی بات کی تھی ۔

اس پر چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیے کہ این اے 131 کا نتیجہ آگیا ہے، سیاسی تقاریر کا جائزہ سیاسی فورم پر لیں۔

سعد رفیق کے وکیل نے کہا کہ جیت کامارجن 5فیصد سےکم ہو تو دوبارہ گنتی ہوسکتی ہے۔

اس موقف پر جسٹس اعجاز الحسن نے ریمارکس دیئے کہ حلقے کی نمائندگی کو کیسے روک سکتے ہیں؟رزلٹ مرتب ہوگیا ہے۔

وکیل سعد رفیق نے کہا کہ آر او کے پاس دوبارہ گنتی کا اختیار ہے۔ اس پر جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیئے کہ الیکشن کمیشن کا معاملہ ہے،ہائیکورٹ کیسے مداخلت کرسکتی ہے۔

اس پر سعد رفیق کے وکیل نے کہا کہ عمران خان اگر 131 کی نشست برقرار رکھیں تو الیکشن ٹریبونل سے رجوع کرینگے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کے جاری کردہ نتائج کے مطابق این اے 131 پر پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے 84 ہزار 313 اور ن لیگی امیدوار خواجہ سعد رفیق نے 83 ہزار 633 ووٹ لئے تھے۔ اس طرح دونوں امیدواروں کے درمیان 680 ووٹوں کا فرق ہے ۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).