برطانیہ میں عمران خان کی حمایتی خاتون کی ریحام خان سے شدید بدتمیزی اور ریحام خان کا تحمل؛ مکمل ویڈیو


برطانیہ میں نامعلوم خاتون نے ریحام سے بدتمیزی کیوں کی؟

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان کے ساتھ برطانیہ کے ایک پارک میں نامعلوم خاتون نے اس وقت بدتمیزی کی جب وہ پارک میں میڈیا کو انٹرویو دینے کے لیے پہنچیں۔

سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نامعلوم خاتون کس طرح ریحام خان سے پے درپے سوالات کرکے انہیں نہ تو بولنے کا موقع دے رہی ہیں اور نہ ہی ان سے تحمل سے کوئی سوال کر رہی ہیں۔

ویڈیو میں خاتون ریحام خان سے سوالات کر رہی ہیں کہ کیا وہ عائشہ گلالئی کی پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے جا رہی ہیں؟

اس سے قبل کہ ریحام خان سوال کا تسلی سے جواب دیتیں، خاتون مزید سوال کرتی ہیں کہ کیا وہ بشریٰ بی بی کی خاتون اول بننے پر جلن محسوس کر رہی ہیں؟

اگرچہ خاتون نے سوالات کی بھرمار کردی تاہم ریحام خان نے انہیں جواب دیا کہ وہ عائشہ گلالئی کی پارٹی میں نہیں جا رہیں، کیوں کہ وہ انہیں زیادہ نہیں جانتیں اور یہ کہ وہ بشریٰ بی بی سے حسد نہیں کر رہیں، وہ عمران خان کی اہلیہ ہیں، ان کے خاتون اول بننے پر وہ خوش ہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ریحام خان خاتون کو کہتی ہیں کہ انہیں یقین ہے کہ ان سے سوالات کرنے والی خاتون شادی شدہ ہوں گی اور ان کے بچے بھی ہوں گے۔

اس دوران ریحام خان کا بیٹا بھی ویڈیو ریکارڈ کرنے والی خاتون کو جوابات دیتا ہے، تاہم ویڈیو ریکارڈ کرنے والی خاتون کسی کو بولنے نہیں دیتیں۔

ویڈیو ریکارڈ کرنے والی خاتون اردو میں بھی بات کرتی ہیں اور وہ ریحام خان کو کہتی ہیں کہ وہ ویسے دوپٹہ نہیں پہنتیں لیکن کیمرے کے سامنے پہنتی ہیں۔

ساتھ ہی خاتون ریحام خان کو بھارتی میڈیا کو انٹرویوز دینے کا طعنہ بھی دیتی ہیں اور کہتی ہیں کہ پڑوسی ملک پاکستان میں دہشت گردی پھیلانے میں ملوث ہے۔

اگرچہ ویڈیو میں ریحام خان، ان کے بیٹے اور بھارتی صحافی سمیت پارک کو دیکھا جاسکتا ہے تاہم ویڈیوز میں ریحام خان سے سوالات کرنے والی خاتون کو ویڈیومیں نہیں دیکھا جاسکتا۔

ویڈیوز کے سامنے آنے کے بعد شیری رحمٰن، بختاور بھٹو زرداری سمیت متعدد خواتین، صحافیوں اور سماجی کارکنان نے ریحام خان کی حمایت میں ٹوئٹس کیں اور ویڈیو ریکارڈ کرنے والی خاتون کے عمل کو بدسلوکی قرار دیااور اشارہ کیا کہ ریحام خان کے ساتھ بدسلوکی کرنے اور انہیں ہراساں کرنے والی خاتون تحریک انصاف کی حمایتی ہوسکتی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).