مکمل یکسوئی اور توجہ کے ساتھ اپنے بچوں کے ساتھ وقت گزاریں


سائنس اور ٹیکنالوجی میں تیزی سے ترقی کرتے ہوئے جدید دور میں انسان کے لیے بہت سی سہولتیں فراہم ہوئی ہیں جس سے اس کی زندگی آسان ہوئی ہے مگر اس کے ساتھ ساتھ وہ اپنوں سے بہت دور ہو گیا ہے۔ دوست احباب ہوں یا رشتہ دار آج کے دور کا انسان ان قیمتی رشتوں سے جڑے رہنے سے زیادہ اپنے موبائل فون پہ مصروف رہنا پسند کرتا ہے۔ اکٹھے بیٹھے ہوئے بھی آپس میں بات کرنے کے بجائے ساری توجہ سیلفی لینے، اسے سوشل میڈیا پر شیئر کرنے یا براؤزنگ کرنے پر ہوتی ہے۔

اس رویے نے بالخصوص جس کو سب سے زیادہ اثر انداز کیا ہے وہ ہیں بچے۔ وہ ماں باپ جو اپنے موبائل فون پر گھنٹوں گزار سکتے ہیں اپنے ہی بچوں کے لیے ان کے پاس کچھ لمحے بھی نہیں۔ معصوم بچوں کی زندگی کا وہ قیمتی وقت جس کا ان کو حق ہے کہ وہ اپنے والدین کی محبت توجہ اور شفقت میں گزاریں نظر انداز ہو کے گزر جاتا ہے۔ ماں باپ جو اپنے بچوں کی خاطر ہمیشہ فکر مند رہتے ہیں اپنی استعداد سے بڑھ کر محنت کرتے ہیں انہیں بہترین سے بہترین فراہم کرنے کی کوشش کرتے ہیں مگر اس کے باوجود بچوں میں کچھ کمی رہ جاتی ہے کیونکہ انہیں ضرور ت کی ہر چیز تو مل جاتی ہے مگر نہیں ملتی تو وہ جس کی ایک بچے کو سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ توجہ!

بچوں کو ضروریات زندگی کے علاوہ بہت سے پیار اور بہت سی توجہ کی ضرورت ہوتی ہے۔ اپنے بچوں کو اپنے قریب کریں، انہیں اپنے پاس بٹھا ئیں ان سے باتیں کریں اور باتیں ایسے نہیں کہ آپ کی انگلیاں موبائل فون پہ متحرک ہوں یا آپ کی نظریں ٹی وی کی سکرین پر ہوں۔ بلکہ اس طرح سےبات کریں کہ انہیں اطمینان ہو کہ آپ کے لئے وہ سب سے زیادہ اہم ہیں۔ انہیں یقین ہو کہ ان کی چھوٹی سے چھوٹی بات بھی آپ کے لیے بہت معنی رکھتی ہے۔ اپنے بچوں کو گلے سے لگائیں، ان کے ماتھے چومیں اور ان کو بتائیں کہ آپ کوان سے کتنی محبت ہے، انہیں بار بار احساس دلائیں کہ وہ آپ کے لئے کتنے اہم ہیں۔

بچوں کی چھوٹی چھوٹی سی کامیابیوں پر ان کو داد دیں اور بتائیں کہ آپ کو ان پہ کتنا فخر ہے۔ ان سے ان کی پسند اور ناپسند پوچھیں ان سے سوال کریں کہ ان کو کوئی مسئلہ یا کوئی پریشانی تو نہیں اور انہیں یقین دلائیں کہ آپ ہمیشہ ان کے ساتھ ہیں۔ ایسا کرنے سے بچوں کو خوشی اور یہ تسلی ملتی ہے کہ کوئی ہے جو ان سے محبت کرتا ہے، ان کا خیال کرتا ہے، اور جو ان کی حفاظت کرے گا۔ بچوں کے ساتھ محبت کا اظہار کرنے سے ان کو اطمینان اور خوشی حاصل ہوتی ہے جو مضبوط اور مثبت شخصیت کی ضمانت ہے۔ ممکن ہو تو ہر بچے کے لیے کچھ وقت علیحدہ سے مختص کر لیں جس میں آپ کے اور آپ کے بچے کے علاوہ دوسرا کوئی نہ ہو یہاں تک کہ آپ کے دوسرے بچے بھی نہیں۔

اگرچہ بچوں کا اکٹھا بیٹھنا آپس میں محبت اور دوستی پیدا کرتا ہے مگر انفرادی توجہ کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ تنہائی میں آپ کا بچہ آپ سے وہ سب باتیں کہہ پائے گا جو وہ سب کے سامنے کہنے سے شرماتا ہے۔ بچپن کا وقت بہت قیمتی اور نازک دور ہے اور یہ وقت بہت جلدی گزر جاتا ہے دیکھتے ہی دیکھتے بچے بڑے ہو جاتے ہیں، خود مختار ہو جاتے ہیں اور اپنی عملی زندگی شروع کر لیتے ہیں مگر بچپن میں گزرے وقت کے اثرات تمام عمر ان کی زندگی پر رہتے ہیں۔

خوشگوار بچپن انسان میں مثبت رویہ اور سکون پیدا کرتا ہے۔ اس کے برعکس وہ لوگ جنہیں بچپن میں مکمل توجہ نہیں ملی ہوتی ان میں غصہ اور بے چینی غالب ہوتی ہے۔ آج کے تیز رفتار دور میں جب کہ کرنے کو بہت سے کام ہیں اور وقت کی بہت کمی ہے فرصت کے لمحات نکالنا کافی مشکل ہے مگر عادات میں تھوڑی سی تبدیلی کرکے بآسانی وقت نکالا جا سکتا ہے۔ اپنی ڈیوائس کو تھوڑی دیر کے لیے ایک طرف رکھیے اور مکمل یکسوئی اور توجہ کے ساتھ اپنے بچوں کے ساتھ وقت گزاریں معصوم آنکھوں کی چمک آپ کو بہت کچھ سمجھا دے گی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).