بطور ایک مریض کیا سیکھا؟


32سال کی اس عمرمیں تقریبا اٹھارہ سال سےمختلف ہسپتالوں، ڈاکٹروں، پیروں، اور عطائیوں سب سے واسطہ پڑا اس میں والد صاحب کو شوگر، بلڈ پریشر، دل، گردوں، کانوں، پروسٹیٹ، پھیپھڑوں، جلد اور دیگر مسائل کی وجہ سے، پھر والدہ صاحبہ کو کینسر اور پھر خود کو او سی ڈی کے مسائل رہے۔

اب اس عرصے میں کیا سیکھا وہ پیش خدمت ہے

اگر آپ کو کوئی بیماری ہے تو سب سے پہلے کسی اچھے میڈیکل سپیشلسٹ کا انتخاب کریں، اور کوشش کریں کہ وہ ڈاکٹر کسی ہسپتال میں ہو، پرائیویٹ سے حتی ٰ الامکان پرہیز کریں چہ جائیکہ وہ کسی اچھی شہرت کا حامل ہو۔

میڈیکل سپیشلسٹ کے بعد اپنی بیماری سے متعلق سپیشلسٹ ڈاکٹر کو دکھائیں، جیسے دل کی بیماری سے متعلق کارڈیالوجسٹ، دماغ سے متعلق نیورولو جسٹ وغیرہ۔

عطائیوں اور پیروں سے حتی المقدور اجتناب کریں یہ یاد رہے کہ اچھے باعمل پیروں کے پاس جائیں ان سے دعا کروائیں، خود بھی دعا کریں اس کی اہمیت سے انکار نہیں مگر ایسے تعویز، گنڈوں سے پرہیز کریں۔

اکثر بیماریاں قابل علاج ہوتی ہیں اور میڈیکل فیلڈ میں ان کا باقاعدہ علاج ہوتا ہے مگر ہم ایسی چیزوں میں پڑ کر وقت ضائع کر دیتے ہیں جس سے بیماری پیچیدگی کی شکل اختیار کر لیتی ہے۔ دوا ڈاکٹر کے مشورے سے استعمال کریں اور مشورے سے ہی چھوڑیں۔ مختلف ٹیسٹس ادویات کو خود پڑھ کر ڈاکٹر نہ بنیں۔

اکثر ذہنی بیماریاں اب قابل علاج ہیں اور ماہرین نفسیات کے ہاں ان کے باقاعدہ علاج موجود ہیں اور میں نے خود علاج کروایا ہے لہٰذا اس کو جنات کی کارستانی قرار دے کر وقت ضائع نہ کریں۔ اب کچھ باتیں جو کہ بطور ایک مریض کے بیماریوں سے بچنے یا بہتر زندگی کے لیے سیکھیں ان کا ذکر۔

ورزش کریں۔ امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کے مطابق روزانہ کم از کم تیس منٹ تیز چلیں، اس میں بتدریج اضافہ مزید آپ کے لیے فائدہ مند ہے کوشش کریں پہلے دن ایک دو منٹ چلیں پھر اس میں بتدریج اضافہ کرتے ہوئے اسے ےتیس منٹ تک لے جائیں او ر مزید اضافہ مزید فائدہ مند رہے گا۔

اس کے ساتھ ساتھ موبائل سے پیڈومیٹر ایپ ڈاونلوڈ کر لیں یہ آپ کی رفتار اور وقت کو ریکارڈ کرتی رہے گی، جس سے آپ اپنی کارکردگی کا جائزہ لے سکیں گے، اس کے علاوہ کوشش کریں کہ اپنے مسلز کے لیے بھی ورزش کریں۔

دوسری اہم چیز آپ کا کھانا پینا ہے، کوشش کریں پانی گرم کر کے اورزیادہ پیئیں، کھانے میں سبزیاں، دالیں، فروٹ، مچھلی زیادہ استعمال کریں، کوشش کریں کہ چکنائی اور میٹھی یا چینی والی چیزوں کا استعمال بند کر دیں۔ اپنے وزن کو قد کے مطابق رکھیں۔ اگر آپ کو کوئی بیماری نہیں تو بھی اپنے ڈاکٹر سے مشورے کے ساتھ، گلوکوز ٹیسٹ اور کولیسٹرول کا ٹیسٹ ضرور کروائیں۔

ان تمام باتوں سے امید ہے کہ آپ اپنی زندگی کو کافی حد تک بیماریوں سے محفوظ رکھ پائیں گے، مگر یاد رہے کہ ورزش اور کھانے کا اثر ایک رات میں نہیں ہوگا اس کے لیے کم از کم چار سے چھ ماہ درکار ہوں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).