روس کے سابق جاسوس کو کیمیائی زہر دینے پر امریکہ کی روس کے خلاف پابندیوں کا اعلان


روس امریکہ

برطانیہ کے علاقے سیلسبری میں کیمیائی ایجنٹ کے استعمال کے بعد علاقے کو سیل کر دیا گیا تھا

امریکہ کا کہنا ہے کہ وہ برطانیہ میں سابق روسی جاسوس کو زہریلے مواد کے ذریعے ہلاک کرنے کی کوشش پر روس کے خلاف تازہ پابندیاں عائد کرے گا۔

سابق روسی جاسوس اور اُن کی بیٹی رواں سال مارچ میں برطانیہ کے علاقے سیلسبری کے شاپنگ سینٹر کے بینچ پر بے ہوش پائے گئے تھے۔ جس کے بعد پولیس نے ‘احتیاطی تدبیر’ کے طور پر وہ ریسٹورینٹ بھی بند کروا دیا تھا۔

برطانیہ کے تفتیش کاروں نے اس حملے کا الزام روس پر عائد کیا ہے لیکن روس نے اس حملے میں اپنے ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔

برطانیہ کے ’روسی جاسوس‘ نامعلوم مواد سے زخمی

روسی ایجنٹ پر حملہ: روس کو وضاحت کے لیے ڈیڈ لائن

23 روسی سفارت کاروں کو ایک ہفتے میں برطانیہ چھوڑنے کا حکم

روس کا جوابی اقدام، 60 امریکی سفارتکار ملک بدر

روس کے سابق جاسوس سرگئے سکرپیل روسی فوج میں انٹیلیجنس آفیسر تھے اور 2006 میں برطانیہ کے لیے جاسوسی کرنے کے جرم میں انھیں 13 سال قید کی سزا ہوئی تھی۔

انھیں امریکہ اور روس کے مابین 2010 میں طے پانے والے ‘جاسوسوں کے تبادلے کے معاہدے’ کے تحت رہا کیا گیا تھا۔ اس معاہدے کے تحت روس نے دس امریکی جاسوس رہا کیے تھے جبکہ ماسکو نے چار قیدیوں کو رہا کیا تھا۔

کرنل سکرپیل بعد میں برطانیہ آ گئے تھے۔

روس نے امریکہ کی جانب سے ان نئی پابندیوں پر تنقید کرتے ہوئے اسے ‘ظالم’ قرار دیا ہے۔

بدھ کو جاری ہونے والے بیان میں امریکہ کے محکمہ خارجہ نے روس کے خلاف پابندیوں کے اطلاق کی تصدیق کی۔

محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیتھر نوریٹ نے کہا کہ اس بات کی تصدیق ہو گئی ہے کہ ‘بین الااقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کیمیائی یا بائیولوجیکل ہتھیار استعمال کیے یا پھر اپنے ہی شہری کے خلاف کیمیائی مہلک ہتھیار استعمال کیے ہیں۔’

برطانوی حکومت نے روس کے خلاف امریکہ کی ان اقدامات کا خیر مقدم کیا ہے۔

برطانیہ کے محکمہ خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ‘سیلسبری میں کیمیائی ہتھیار کے استعمال پر بین الاقوامی برادری کے منہ توڑ جواب سے روس کو یہ پیغام جاتا ہے کہ اُس کے جارہانہ اور غیر محتاط رویے کو ایسے ہی نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔’

امریکہ میں روس کے سفارت خانے نے امریکی پابندیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حملے میں روس کو ملوث کرنے کے الزامات ‘مبالغہ آرائی’ پر مبنی ہیں۔

روسی سفارت خانے نے کہا کہ ‘روس کو شواہد اور حقائق نہ سننے کی اب عادت ہو گئی ہے۔’ بیان میں کہا گیا ہے کہ ‘ہم سیلسبری میں اس جرم کرنے والے کا پتہ لگانے کے لیے شفاف انکوائری کے حق میں ہیں۔’

روس کے خلاف امریکہ کی پابندیاں کیا ہیں؟

روس پر عائد نئی پابندیوں کا اطلاق 22 اگست سے ہو گا اور اس کے بعد روس حساس الیکٹرانک آلات اور دیگر ٹیکنالوجی کو درآمد نہیں کر سکتا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ اگر روس نے دوبارہ کیمیائی ہتھیار استعمال نہ کرنے کی یقین دہانی نہیں کروائی اور اقوام متحدہ کے معائنہ کاروں کو اجازت نہ دی تو پھر روس کے خلاف 90 دن کے بعد مزید ‘سخت’ پابندیاں عائد کی جائیں گی۔’

ایک اہلکار نے بتایا کہ یہ تیسری مرتبہ ہے جب امریکہ نے روس پر شہریوں کے خلاف کیمیائی اور بائیولوجیکل ہتھیاروں کے استعمال کرنے کی تصدیق کی ہے۔

ماضی میں کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال شام اور شمالی کوریا میں کیا گیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32284 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp