شہباز شریف: حلف اٹھانے کے بعد پہلا مطالبہ انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کا ہو گا


شہباز شریف

پاکستان کی سیاسی جماعت مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ ان کی جماعت کے اراکینِ قومی اسمبلی کا حلف اٹھانے کے بعد پہلا مطالبہ انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کا ہو گا۔

جعمرات کو روالپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کے بعد شہباز شریف نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مبینہ دھاندلی کے خلاف پانچ جماعتوں پر مشتمل اتحاد نے بدھ کو احتجاج کیا اور پہلا احتجج نہیں بلکہ آئندہ بھی ہوں گے۔

انھوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں کسی کو مارکباد دینے نہیں جا رہے بلکہ دھاندلی کے معاملے کو اٹھایا جائے گا۔

’اسمبلی میں اب حلف اٹھایا جائے گا اور اس معاملے پر بات کی جائے گی جس میں تمام سیاسی جماعتیں اپنی رائے دیں گی کیونکہ اسمبلی ایک ایسا فورم ہے جہاں 2018 کے انتخابات کے حوالے سے مبارکباد دینے نہیں جائیں گے بلکہ جو دھاندلی ہوئی ہے اس کی تحقیقات کا پہلا مطالبہ ہو گا۔‘

اس بارے میں مزید پڑھیے

اپوزیشن احتجاج:عدلیہ مخالف نعرے بازی پر دہشت گردی کا مقدمہ

’یہ الیکشن تمام دھاندلی زدہ الیکشنز کی ماں ہے‘

’آر ٹی ایس کی تحقیقات سینیٹ کو کرنے دی جائے‘

’صرف وہی حلقے کھلوا لیں جہاں عمران خان جیتے ہیں‘

شبہاز شریف نے انتخابی نتائج کی بروقت دستیابی اور اشاعت کے لیے رزلٹ مینیجمنٹ سسٹم یعنی آر ٹی ایس کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ کل جماعتی کانفرنس اور فری اینڈ فیئر انتخابی اتحاد یہ فیصلہ کر چکا ہے کہ تحقیقات ہوں گی اور پارلیمانی کمیشن کو یہ ٹاسک دیا جائے گا جس میں تمام پارلیمانی جماعتیں اس بات کا کھوج لگائیں گی کہ انتخابات کی رات کو کیوں آر ٹی ایس کو کس طرح بند کروایا گیا۔

انھوں نے کہا کہ یہ وہ معاملات ہیں جن کے بارے میں جاننا عوام کا حق ہے اور جب تک حق استعمال ہو گا تو تب ہی ملک میں استحکام آئے گا جس کو ملک کی سخت ضرورت ہے۔

مسلم لیگ نون کا احتجاج

انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف پاکستان مسلم لیگ نواز، پاکستان پیپلز پارٹی اور دیگر پانچ جماعتوں پر مشتمل اتحاد کے رہنماؤں اور ان جماعتوں کے کارکنوں نے اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر احتجاج کیا

انھوں نے کہا کہ ’اب تک عدالت عظمیٰ نے بھی بیان دیا کہ الیکشن کمشنر اس دن دستیاب نہیں تھے اور آر ٹی ایس نظام بند ہو گیا تھا اور اب تو اس پر کسی کو کوئی اعتراض نہیں ہے۔ اور اس کے علاوہ کیوں پولنگ ایجنٹس کی غیر موجودگی میں ووٹوں کی گنتی ہوئی اور آر ٹی ایس مشینوں کو بند کرایا گیا۔‘

خیال رہے کہ انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف پاکستان مسلم لیگ نواز، پاکستان پیپلز پارٹی اور دیگر پانچ جماعتوں پر مشتمل اتحاد کے رہنماؤں اور ان جماعتوں کے کارکنوں نے اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر احتجاج کیا ہے۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے ان انتخابات کو دھاندلی زدہ قرار دیتے ہوئے ان کے نتائج کو ماننے سے انکار کیا اور پارلیمانی انکوائری کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

اس سے پہلے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر رضا ربانی نے مطالبہ کیا تھا کہ عام انتخابات کے نتائج میں تاخیر کے لیے ذمہ دار ٹھہرائے جانے والے تکنیکی نظام یعنی آر ٹی ایس کے بارے میں تحقیقات سینیٹ کو کرنے دیں جائیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp