انڈیا: کیکی چینلج کی ویڈیو کیوں بنائی؟ سزا کے طور پر سٹیشن کو تین دن صاف کریں


انڈیا کے مغربی شہر ممبئی کے تین افراد کیکی چینلج کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سزا کے طور پر تین دن تک ایک ریلوے سٹیشن کو صاف کریں گے۔

انڈیا کی پولیس نے ان افراد کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جس کے بعد ایک مجسٹریٹ نے ان کی ’سزا‘ کا فیصلہ کیا۔

ان کی ویڈیو کی شبیہہ یہ بتاتی ہے کہ انڈیا کی مختلف ریاستوں میں لوگ کس طرح کیکی چینلج پر پرفارم کر رہے ہیں۔

‘کیکی چیلنج’ کو ‘ان مائی فیلنگز چیلنج’ کا نام بھی دیا جا رہا ہے جس میں کینیڈین گلوکار ڈریک کے نئے سپر ہٹ گانے ‘ان مائی فیلنگز’ پر چلتی گاڑی سے اتر کر سڑک پر گاڑی کے ساتھ چلتے چلتے ڈانس کرنا ہوتا ہے۔

بہت سے صارفین اس چیلنج کی ویڈیوز بنا کر انٹرنیٹ پر اپ لوڈ کر رہے ہیں لیکن اس دوران کئی حادثات بھی پیش آئے ہیں۔ انڈیا سمیت کئی ممالک نے اس رحجان کے حوالے سے تنبیہ بھی جاری کی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

کانسرٹ میں رقص کے مخصوص انداز پر سعودی گلوکار گرفتار

KiKiChallenge# یہ ’کیکی چیلنج‘ کیا ہے؟

انڈیا کی ٹرین میں بنائی جانے والی اس ویڈیو کو فنچو انٹرٹینمیٹ نے یو ٹیوب پر اپ لوڈ کیا ہے اور اسے اب تک 20 لاکھ بار دیکھا جا چکا ہے۔

اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک آدمی ٹرین سے اترتا ہے اور گانے پر ڈانس کرنا شروع کردیتا ہے جبکہ اس کے دوست موبائل پر اس کی ویڈیو بناتے ہیں۔

جب یہ ٹرین چلنا شروع ہوتی ہے تو وہ آدمی اس کے ساتھ ناچتے ناچتے بھاگنا شروع کرتا ہے۔

اس ویڈیو میں یہ بھی دیکھا جا سکتا ہے اس آدمی کا دوست جزوی طور پر چلتی ہوئی ٹرین کے دروازے سے لٹک کر رقص کرنے کی کوشش کرتا ہے.

https://twitter.com/MumbaiPolice/status/1024923953792536576

انڈین ریلوے کے ایک سینئیر اہلکار انوپ شکلا نے بی بی سی کو بتایا ‘ہمیں یو ٹیوب پر یہ ویڈیو ملی اور ہم نے انھیں ویرار سٹیشن کے سی سی ٹی وی پر بھی کیکی چیلنجج میں حصہ لیتے ہوئے دیکھا‘۔

انڈین مجسٹریٹ نے ان تینوں افراد کو بتایا کہ انھوں نے ’کچھ غلط‘ کیا ہے۔

مجسٹریٹ کا مزید کہنا تھا ’اب آپ اگلے تین دن کے لیے عوامی بیداری پیدا کریں گے کہ یہ غلط تھا اور یہ آپ کو اور دوسروں کو خطرے میں ڈال دیتا ہے‘۔

سوشل میڈیا پر پولیس اور حکام کی جانب سے صارفین کو ایسی کسی سرگرمی کے خلاف تنبیہ کی جا رہی ہے ، وہیں کچھ صارفین نے اس چیلنج میں مزاح کا عنصر بھی تلاش کر لیا ہے۔

https://twitter.com/NindaTurtles/status/1024984919158808576

ننڈا ٹرٹل نامی ایک ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو شیئر کی گئی جسے محفوظ ترین کیکی چیلنج کا نام دیا گیا، اس ویڈیو میں کھیتوں میں ہل کے ساتھ جتے بیلوں کے ساتھ نوجوانوں کو رقص کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32493 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp