پاک فوج زندہ باد


جشن آزادی کی آمد آمد ہے۔ حب الوطنی کے جذبے سے سرشار پاکستانی قوم نہایت عقیدت واحترام سے یوم آزادی منانے کے لئے کوشاں ہے۔ قریہ قریہ سبز ہلالی پرچم اپنی بہار دکھلا رہا ہے۔ تمام اہلیانِ وطن دل کی اتھاہ گہرائیوں سے دیس کی خوش حالی اور ترقی کے لئے دعاگو ہیں۔ 1947ء میں قائداعظم نے علامہ اقبال کے خواب کو عملی جامہ پہناکر مسلمانان برصغیر کو آزاد وطن کا تحفہ دیا۔ پوری قوم تحریک آزادی کے تمام قائدین کو بھرپور خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ پاک وطن کے حصول کی خاطر ہمارے بزرگوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔ دختران ملت کی چادر عصمت تار تار کی گئی۔ لاکھوں بے گناہ اور معصوم لوگوں کے خون سے ہولی کھیلی گئی۔ تاریخ کے صفحات آج بھی ان کے خون سے لال ہیں۔ سروں کی فصل کٹوا کر جو آزادی حاصل کی گئی ہماری پاک فوج نے اپنے لہو کے چراغ جلا کر اس آزادی کی ہمیشہ حفاظت کی ہے۔ ہر شہید کی ماں اپنے لال کو وطن کی مٹی کے حوالے کرتے ہوئے نہایت فخر سے کہتی ہے کہ اگر میرے ہزاروں بیٹے بھی ہوتے تو میں انھیں بخوشی اس پاک وطن کی حرمت پر نثارکر دیتی۔ 71سال سے دھرتی ماں کے یہ بہادر سپوت وطن کی آزادی، خود مختاری اورسالمیت کی حفاظت کی خاطر سیسہ پلائی دیوار ثابت ہو رہے ہیں۔

آج وطن عزیز کو دہشت گردی جیسے عظیم بحران کا سامنا ہے۔ پاک فوج کبھی اپنے فرض سے ایک لمحے کے لئے بھی غافل نہیں ہوئی۔ آپریشن ضربِ عضب ہو یا ردالفساد، سرحدوں پر دشمن کی بلا اشتعال فائرنگ ہو یا عروس البلاد کے امن وامان کا مسئلہ پاک فوج ہمیشہ سینہ سپر رہی ہے۔ سیلاب و زلزلے جیسی ناگہانی آفات میں انسانی جانوں کو پچانا ہو یا سیاست دانوں کی عاقبت نا اندیشی کی وجہ سے پیدا ہونے والی مشکلات سے نبرد آزما ہونا ہو، پتھروں پہاڑوں میں شاہراہیں بنانی ہوں یا دشمن کی بری وبحری جارحیت کا منہ توڑجواب دینا ہو پاک فوج نے ہمیشہ جرأت و بہادری کی بے مثال داستانیں رقم کی ہیں۔ پھر بھی چند عاقبت نا اندیش اپنی قوم کے ان عظیم محسنوں کو بلا سوچے سمجھے تنقید کا نشانہ بناتے ہیں۔ ان کی قربانیوں کو یکسر فراموش کر دیتے ہیںیا ان کی طرف سے آنکھیں بند کر لیتے ہیں۔ جانور بھی کبھی اس پر حملہ نہیں کرتا جو اس کی دیکھ بھال کرتا ہے مگر یہ تو جانوروں سے بھی بدتر ہیں جو اپنے ہی محسنوں کے خلاف زہر اگلنے سے باز نہیں آتے۔

پاک فوج کی قربانیوں کا صلہ نہیں دے سکتے نہ دیں ان پر رحم تو کریں۔ ان کے درد کا احساس تو کریں۔ فوجی خود تو جہاد کرتے ہی ہیں یوں لگتا ہے ان کی بیگمات بھی اپنے شوہروں کے شانہ بشانہ جہاد پر ہیں۔ شوہروں کی بے پناہ مصروفیات کی بنا پر یہ خواتین زندگی کے سردوگرم تنہا ہی جھیلتی ہیں۔ بچوں کی تعلیم وتربیت ہو، شادی بیاہ کے معاملات ہوں، بوڑھے ساس سسر کی بیماری ہو یا خاندان میں کسی عزیز کی موت ہو جائے ان کی زندگی کا ساتھی سب سے آخر میں پہنچتا ہے۔ ان خواتین کا دل بہت کشادہ ہوتا ہے یہ جانتے ہوئے کہ فوجی کی بیوی کا بن باس عمر بھر کا ہے ان کے ماتھے پر شکن تک نہیں آتی۔ کیا فوجی کسی کا باپ، بھائی، شوہر یا بیٹا نہیں ہوتا؟ کیا فوجی کے سینے میں دل نہیں ہوتا؟ کیا اس کا دل نہیں چاہتا کہ اپنے توجہ اور شفقت کے لئے ترستے بچوں کی ننھی ننھی خوشیوں میں شامل ہو، انھیں قدم قدم چلتے، توتلی زبان میں باتیں کرتے، سالگرہ مناتے اور سکول سے انعامات لیتے ہوئے دیکھے۔

اپنے دل پر ہاتھ رکھ کر بتائیے بحیثیت قوم ایک فوجی کو ہم اس کی بے مثل خدمات کے عوض کیا دیتے ہیں؟ تنخواہ تو دنیا کے تمام ملازمین کوان کی خدمات کے صلے میں ملتی ہے۔ کیا تنخواہ کے چند روپے اس کی جان کی قیمت چکا سکتے ہیں جسے وہ دن رات میری اور آپ کی خاطر ہتھیلی پر لئے پھرتا ہے۔ کیا ان روپوں سے اس نقصان کا ازالہ کیا جا سکتا ہے جو ماں باپ کا اپنے بیٹے کو کھونے پر ہوتا ہے، ایک بہن کا اپنے بھائی سے ہمیشہ ہمیشہ کے لئے بچھڑنے پر ہوتا ہے، بیوی کا اپنے دکھ سکھ کے ساتھی کی دائمی جدائی پر ہوتا ہے اور بچوں کا یتیم ہونے پر ہوتا ہے خدارا دشمن کے آلہ کار بن کر اپنے محافظوں کو برا بھلا کہنے والوں کا سختی سے محاسبہ کریں۔ مسلح افواج ہمارے درد کا درماں ہیں۔ یہ ہماری سرحدوں کے محافظ ہیں۔ ان کی موجودگی میں ہم لمبی تان کر بے فکری کی نیند سو تے ہیں اس اعتماد کے ساتھ کہ ہم سو رہے ہیں مگر وہ غافل نہیں ہیں۔ وہ جاگ رہے ہیں۔

خدارا لیبیا، عراق، شام اورافغانستان کے لہو چاٹتے عوام کی حالت زار سے عبرت حاصل کیجیے کیوں کہ انھیں بھی یقین دلوا دیا گیا تمام مسائل کی وجہ آپ کی فوج ہے۔ انھوں نے دشمن کے جھانسے میں آکر اپنے پاؤں پر کلہاڑی مار لی اور آج وہ نہ زندوں میں ہیں نہ مردوں میں ہیں۔ آئیے اس یوم آزادی کو پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر منائیں، اپنی شیر دل افواج کا حوصلہ بڑھائیں۔ آئیے پاک فوج کے ہاتھ مضبوط کریں۔ آئیے ان کی لازوال قربانیوں کا کھلے دل سے اعتراف کریں کیوں کہ دشمن تاک میں ہے کہ ادھر ہمارا گھرکمزور پڑے اور ادھر وہ فائدہ اٹھانے آئے۔ آئیے پا کستان کی قابل فخر افواج کے ساتھ مل کر دفاع وطن کو ناقابل تسخیر بنا دیں اور دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا دیں۔ پاک فوج زندہ باد پاکستان پائندہ باد۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).