بادشاہ اورنگزیب کتنے توہم پرست تھے؟


امریکی تاریخ دان آڈری ٹرشکی کہتی ہیں کہ تمام مغل بادشاہوں میں بطور خاص اورنگزیب عالمگیر میں ان کی دلچسپی کی وجہ ان کے بارے میں دنیا بھر میں پھیلی ہوئی غلط فہمیاں ہیں۔

تاريخ داں جادوناتھ سرکار نے اگر انھیں اپنی نظر سے دیکھا تو جواہر لعل نہرو نے اپنی نظر سے یا پھر شاہد نعیم نے اپنی نظر سے اور سب نے ان کے مذہبی پہلو پر ضرورت سے زیادہ زور دیا۔

’اورنگزیب دی مین اینڈ دی متھ‘ نامی کتاب کی مصنفہ نے بی بی سی کو بتایا کہ اگر رواداری کے موجودہ معیار کے لحاظ سے دیکھا جائے تو ماضی کے تمام بادشاہ اور حکمران غیر روادار رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اورنگزیب کے بارے میں غلط فہمیاں زیادہ ہیں اور ان کو ہوا دے کر موجودہ دور میں مسلمانوں کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔

مصنفہ کے مطابق انڈیا میں اس وقت عدم رواداری عروج پر ہے اور حیدرآباد (دکن) میں ان کے لیکچر کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔

آڈری بتاتی ہیں کہ اس کے برعکس اورنگزیب بادشاہ کے عہد کے برہمن اور جین مصنفین اورنگزیب کی تعریف کرتے ہیں اور انھوں نے جب فارسی زبان میں ہندوؤں کی مقدس کتاب رامائن اور مہابھارت کو پیش کیا تو اس کا انتساب اورنگزیب کے نام کیا۔

آڈری نے اپنی کتاب میں لکھا ہے کہ اورنگزیب نے اگر ہولی پر سختی دکھائی تو انھوں نے محرم اور عید پر بھی سختی کا مظاہرہ کیا۔ اگر انھوں نے ایک دو مندر توڑے تو کئی مندروں کو عطیہ بھی دیا۔ مختلف تاريخ دانوں نے اورنگزیب کو اپنی عینک سے دیکھنے کی کوشش کی ہے۔

مصنفہ کے مطابق اورنگزیب نے خود کو ایک اچھے مسلمان کی طرح پیش کیا یا پھر ان کی ہمیشہ ایک اچھا مسلمان بننے کی کوشش رہی لیکن ان کا اسلام آج کا سخت گیر اسلام نہیں تھا۔ وہ بہت حد تک صوفی تھے اور کسی حد تک توہم پرست بھی تھے۔

بی بی سی نے ان سے دریافت کیا کہ ان کی توہم پرستی کی کوئی مثال پیش کر سکتی ہیں تو انھوں نے بتایا کہ تمام مغل بادشاہ کے یہاں علم نجوم کے ماہرین ہوا کرتے تھے اور اورنگزیب کے دربار میں بھی ہندو مسلم دونوں قسم کے نجومی تھے اور وہ ان سے مشورے لیا کرتے تھے۔

انھوں نے بتایا کہ اورنگزیب ہندو اور مسلم دونوں قسم کے نجومی سے صلاح مشورہ کرتے تھے اور کبھی ان کے مشورے پر عمل بھی کرتے اور کبھی انھیں مسترد بھی کر دیتے تھے۔

اڈری ٹرشکی نے دوسرے مغل بادشاہوں کے مقابلے اورنگزیب کے امتیاز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ سارے مغل بادشاہوں سے میں سب سے زیادہ پاکباز تھے، وہ حافظ قرآن تھے اور نماز اور عبادات کے سب سے زیادہ پابندی کرنے والے تھے۔

اورنگزیب پر یہ الزام لگایا جاتا ہے کہ ان کی فنون لطیفہ اور بطور خاص موسیقی سے نفرت تھی اور اس بارے میں موسیقی کے جنازے والا قصہ مشہور ہے۔

لیکن ایک دوسری مؤرخ کیتھرین براؤن نے ‘ڈڈ اورنگزیب بین میوزک’ یعنی کیا اورنگزیب نے موسیقی پر پابندی لگا دی تھی کے عنوان سے ایک مضمون میں لکھا کہ اورنگزیب اپنی خالہ سے ملنے برہانپور گئے تھے جہاں ہیرا بائی زین آبادی کو دیکھ کر وہ انھیں اپنا دل دے بیٹھے۔ ہیرا بائی ایک رقاصہ اور گلوکارہ تھیں۔

اورنگزیب کا مقبرہ

آڈری بھی بتاتی ہیں کہ اورنگزیب کو جتنا سخت گیر پیش کیا جاتا ہے وہ ویسے نہیں تھے۔ ان کی کئی ہندو بیگمات تھیں اور مغلوں کی ہندو بیگمات ہوا کرتی تھیں۔

اپنے آخری دنوں میں اورنگزیب اپنے سب سے چھوٹے بیٹے کام بخش کی والدہ اودے پوری کے ساتھ رہتے تھے جو ایک گلوکارہ تھیں۔ انھوں نے بستر مرگ سے کامبخش کو ایک خط لکھا جس میں ذکر کیا کہ ان کی والدہ اودے پوری بیماری کی حالت میں ان کے ساتھ ہیں اور موت تک ان کے ساتھ رہیں گی۔

اورنگزیب کی موت کے چند مہینے بعد 1707 کے موسم گرما میں اودے پوری بھی انتقال کر گئیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32187 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp