پاناما لیکس :حکومت اور اپوزیشن میں 12 رکنی کمیٹی پر اتفاق


panamaوفاقی حکومت اور حزب اختلاف میں پاناما لیکس کے ٹی او آرز کے حوالے سے 12 رکنی کمیٹی پر اتفاق ہوگیا ہے۔پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے بتایا کہ کمیٹی میں 6 اراکین حکومت جبکہ 6 اپوزیشن کے ہوں گے۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ کل ایوان میں تحریک کے ذریعے کمیٹی کی منظوری لی جائے گی جبکہ 12 ارکان کے انتخاب کے بعد کمیٹی کا طریقہ کار بھی طے ہوجائے گا۔
یاد رہے کہ رواں ہفتے پیر کو قومی اسمبلی میں اپنے خطاب کے دوران وزیراعظم نواز شریف نے پاناما لیکس کے معاملے پر جوڈیشل کمیشن کے ٹرمز آف ریفرنس ٹی او آر بنانے کے لیے مشترکہ کمیٹی بنانے کی تجویز دی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ ان کا دامن صاف ہے، ہمیں کسی استثنیٰ کی ضرورت نہیں، ہم ہر طرح کے احتسابی عمل سے گزرنے کے لیے تیار ہیں۔
واضح رہے کہ پاناما لیکس میں وزیراعظم نواز شریف کے بچوں کی آف شور کمپنیز کے انکشاف کے بعد اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعظم نواز شریف سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا تھا۔
اس سے قبل اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس میں وزیراعظم کے لیے ایک سوالنامہ تیار کیا گیا تھا جس میں ان سے لندن میں موجود جائیدادوں، آف شور کمپنیز اور ٹیکس کی ادائیگی کے حوالے سے 7 سوالات کا جواب مانگا گیا تھا، تاہم وزیراعظم کے قومی اسمبلی میں حالیہ خطاب کے بعد اپوزیشن نے نواز شریف سے مزید 70 سوالات کر ڈالے۔


Comments

FB Login Required - comments