انڈیا کو انگلینڈ کے ہاتھوں دوسرے ٹیسٹ میچ میں اننگز کی شکست


سٹوئرٹ براڈ نے دوسری اننگز میں تباہ کن بولنگ کی

انگلینڈ نے انڈیا کے خلاف دوسرا ٹیسٹ ایک اننگز اور 159 رنز سے جیت کر پانچ میچوں کی سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔

جیمز اینڈرسن نے 23 رنز کے عوض، جب کہ سٹوئرٹ براڈ نے 44 رنز دے کر چار چار وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل انگلینڈ نے پہلی اننگز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 396 رنز بنا کر باری ختم کر دی تھی جس کی خاص بات آل راؤنڈر کرس ووکس کی شاندار سینچری تھی۔ انھوں نے 137 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

انگلینڈ اور انڈیا کا پہلا ٹیسٹ

کوہلی کی سینچری کام نہ آئی، انڈیا کو انگلینڈ نے ہرا دیا

بارش کے باعث کھیل کا پہلا دن مکمل طور پر ضائع ہو گیا تھا جب کہ چوتھے دن بھی دو بار کھیل رکا، لیکن اس کے باوجود انگلینڈ کو انڈیا کے بقیہ بلےبازوں کا صفایا کرنے میں زیادہ مشکل پیش نہیں آئی۔

انڈیا کی دوسری اننگز میں صرف ہاردک پانڈیا اور روی چندر اشون ساتویں وکٹ کے لیے 55 رنز کی شراکت کے ذریعے کسی قدر مزاحمت پیش کر سکے۔

تاہم ان کے علاوہ بقیہ تمام بلے باز ابر آلود موسم میں انگلینڈ کے سوئنگ بولروں کے آگے بےبس دکھائی دیے اور پوری ٹیم صرف 130 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

انڈیا پہلی اننگز میں ٹاس ہارنے کے بعد صرف 107 رنز بنا سکا تھا۔

اس سے قبل پہلے ٹیسٹ میچ میں بھی انڈیا ہار گیا تھا تاہم اس وقت اس نے اچھا خاصا مقابلہ کیا تھا، اور ایک موقعے پر ایسا لگ رہا تھا جیسے وہ یہ میچ جیت سکتا ہے۔

روی چندر اشون

روی چندر اشون نے کسی قدر مزاحمت پیش کرنے کی کوشش کی اور 33 رنز ناٹ آؤٹ بنا کر انڈیا کی اننگز میں سب سے زیادہ سکور کیا

کرس ووکس کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

میچ کے بعد انڈیا کے کپتان وراٹ کوہلی نے کہا کہ انگلینڈ نے بہتر کھیل پیش کیا، ‘وہ جیتنے کے، جب کہ ہم ہارنے کے مستحق تھے۔’

سیریز کا تیسرا میچ ہفتے کے روز سے ٹرینٹ برج میں کھیلا جائے گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32486 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp