پی آئی اے، کیکی چیلنج اور نیب


کیکی چیلنج کی ویڈیوز آج کل ہر جگہ شیئر کی جا رہی ہیں، مگر جب پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز( پی آئی اے) کی جانب سے ایک کیکی چیلنج کی ویڈیو اپنے انداز میں پیش کی گئی تو پاکستانی چینلز پر ذرائع کے حوالے سے خبریں چلنا شروع ہوئیں کہ چیئرمین نیب نے اس کا نوٹس لیا ہے اور یہ بھی کے اس میں قومی پرچم کی توہین ہوئی ہے اور کہا گیا کہ اس غیر ملکی خاتون کو طیارے میں کس نے سوار کیا اور اسے رسائی کیسے ملی؟

مذکورە خاتون کا نام ایوا زو بیک ہے اور وە پولش نژاد برطانوی شہری ہیں۔ یہ ایک ٹریول ولوگر ہیں جو پاکستان کا دورە کر رہی ہیں اور پاکستان میں سیاحت کی ترویج کے حوالے سے وە ان دنوں یہاں موجود ہیں۔

سوشل میڈیا پر کیکی چینلج اس وقت صفِ اول کا ٹرینڈ ہے اور اس میں لوگ اس پر اپنے جذبات لکھ رہے ہیں۔

سید علی رضا نے لکها ‘تو یہ کیکی چیلنج کا پہلا ورژن ہے، اور اسے ایک غیر ملکی ایوا زو بیک نے ریکارڈ کیا ہے جنھوں نے پاکستان کے یومِ آزادی کے حوالے سے یہ ویڈیو تیار کی۔’

اسی بارے میں

KiKiChallenge# یہ ’کیکی چیلنج‘ کیا ہے؟

جان رو نے لکها: ‘اس ویڈیو میں ایسا کیا غلط ہے اور اس میں پرچم کی بے حرمتی کہاں سے آ گئی؟’

نہیں یار نامی ٹوئٹر ہینڈل سے لکها گیا ‘ایک تو یہ پاکستانی اور ان کی اخلاقی پولیسنگ کبهی نہیں ختم ہو گی۔ وە صرف کیکی چیلنج کر رہی تهی اس میں کیا غلط بات ہے اور پرچم کی اس سے زیادە بے حرمتی روز ہوتی ہے اس کا کبهی کسی نے نوٹس نہیں لیا۔’

اسی بارے میں ایوا زو بیگ کی جانب سے بھی سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پیغام سامنے آیا ہے۔

اپنے ویڈیو پیغام میں ایوا زو بیگ نے کہا: ’جب میں اپنے ایک وی لاگ کے سلسلے میں کراچی میں تھی تو کسی نے کیکی چیلنج کا مشورہ دیا جو کہ اس وقت ٹرینڈ بھی کر رہا تھا۔ تو میں نے سوچا کیوں نہیں یہ پاکستان میں سیاحت کو پروموٹ کرنے کے لیے اچھا ہوگا۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ ’مجھے گذشتہ چند گھنٹوں میں اس ویڈیو پر آپ سب کی جانب سے کافی پیار اور مثبت پیغامات موصول ہوئے، میں ان لوگوں کی بھی قدر کرتی ہوں جنھیں بعض وجوہات کی بنا پر یہ ویڈیو پسند نہیں آئی۔ اگر آپ کو ویڈیو پسند نہیں آئی تو میں معذرت خواہ ہوں، میرا مقصد صرف مثبت چیزیں دکھانا تھا، اور میں اپنے سوشل میڈیا پر پاکستان کی سیاحت، یہاں کہ لوگوں اور ثقافت کو پروموٹ کرنے کا مشن جاری رکھوں گی۔‘

رابعہ نے لکها ‘ایوا زو بیک پر ان کے کیکی چینلج کے حوالے سے تنقید کرنا بند کریں جو انھوں نے پاکستان کی محبت میں کیا۔ ہم سب کیوں اس لڑکی پر تنقید کر رہے ہیں جو اس ملک کو اپنے وی لاگز میں دکهاتی ہے۔’

ایک ٹوئٹر صارف کو کیو کے نام سے ٹویٹ کرتی ہیں انھوں نے لکها ‘ایک آئیڈیل معاشرے میں چیئرمین نیب کو اپنی توجہ حقیقی مسائل پر دینی چاہیے نہ کہ ایوا کے کیکی چینلج پر جو ہمارے جهنڈے کے ساتھ ہے۔ مگر افسوس۔ اس نے ہمارے جهنڈے کی توہین نہیں کی بلکہ شاید یہ اہلکار کر رہے ہیں۔’

عمیر خان نے لکها ‘میں سمجهتا ہوں کہ اس لڑکی نے پاکستانی پرچم کے ساتھ کیکی چینلج کر کے کوئی غلطی نہیں کی۔ ہمارے ہیجانی میڈیا نے اسے توہین کا رنگ دے دیا ہے۔‘

ڈاکٹر فرحان کے ورک نے ٹوئٹر پر ہی لکھا: ’اس حساب سے تو نیب کو آج سارے پنڈی بوائز گرفتار کرنے چاہیے جو موٹر سائکل پر پرچم پیچھے باندھ کر ون ویلنگ کریں گے۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ ’یہ پولش خاتون ہیں اور ہمارے ملک کی سیاحت کی دنیا کے دیگر ملکوں میں پروموشن کر رہی ہیں۔ اگر کوئی ہماری مدد کرے ہم اسی کے دشمن بن جاتے ہیں۔‘

اختر اقبال نامی ایک صارف نے لکھا: ’نیب کے خیال میں ڈانسرز کو حساس مقامات میں داخل نہیں ہونا چاہیے۔ تو پھر کسے داخل ہونا چاہیے؟ دہشت گردوں کو۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32549 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp