کراچی اور ڈھاکہ سب سے ناقابل رہائش شہروں میں شامل


ویانا

دو دہائیوں میں پہلی بار کوئی یورپی شہر سب سے زیادہ قابل رہائش شہروں کی درجہ بندی میں سرفہرست آیا ہے

دنیا میں سب سے زیادہ قابل رہائش شہروں کی فہرست میں جہاں یورپی شہر ویانا کا نام ہے وہیں سب سے زیادہ ناقابل رہائش شہروں میں بنگلہ دیش کا شہر دھاکہ اور پاکستان کا شہر کراچی شامل ہے۔

آسٹریا کے دارالحکومت ویانا نے دنیا کے سب سے زیادہ قابل رہائش شہروں کی فہرست میں آسٹریلیا کے شہر میلبرن کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔

پہلی بار یورپ کے کسی شہر نے اکانومسٹ انٹلی جنس یونٹ کے سالانہ عالمی سروے میں یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔

اس سروے میں مختلف اور وسیع عوامل کے تحت دنیا کے 140 شہروں کا تجزیہ کیا گيا ہے۔ ان عوامل میں سیاسی اور سماجی استحکام، جرائم، تعلیم اور طبی سہولیات کی فراہمی جیسے عوامل شامل ہیں۔

اس سروے میں مانچسٹر شہر میں سب سے زیادہ ترقی دیکھی گئی ہے اور وہ 16 درجے کی چھلانگ لگا کر گذشتہ سال کے مقابلے اب 35 ویں پوزیشن پر ہے۔

خیال رہے کہ دو دہائی قبل یہ سروے شروع ہوا تھا جس کے بعد سے یہ ہر سال کیا جانے لگا۔ مانچسٹر کی درجہ بندی میں ترقی کا سہرا وہاں کی سکیورٹی میں بہتری کے سر ہے۔

یہ بھی پڑھیے

ایک ایسا شہر جہاں کوئی غصہ نہیں کرتا

دنیا میں سب سے زیادہ خوشی کس ملک میں؟

گذشتہ سال جب مانچسٹر ارینا میں حملے کی وجہ سے شہر کی درجہ بندی کم کر دی گئی تھی تو اس سروے کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ اس حملے میں 22 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

تازہ سروے کے مطابق گذشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً نصف شہروں کی قابل رہائش ہونے کی درجہ بندی میں اضافہ ہوا ہے۔

میلبرن

آسٹریلیا کا شہر میلبرن لگاتار سات سال تک اس درجہ بندی میں سر فہرست رہا تھا

میلبرن جو رواں سروے میں دوسرے نمبر پر آیا ہے وہ سات سال تک مسلسل سرفہرست رہا تھا۔

اس کے علاوہ آسٹریلیا کے دوسرے دو شہر سڈنی اور ایڈیلیڈ بھی دس بہترین قابل رہائش شہروں میں شامل ہیں۔ کینیڈا کے تین شہر بھی بہترین دس شہروں میں شامل ہیں جبکہ جاپان کے دو شہر اوساکا اور ٹوکیو بھی دس بہترین قابل رہائش شہروں میں شامل ہیں۔

اس سروے کا دوسرا رخ سب سے ناقابل رہائش شہر ہیں جس میں شام کا دارالحکومت دمشق سرفہرست کہا جا سکتا ہے کیونکہ یہ قابل رہائش کی فہرست میں آخری نام ہے۔

یہ بھی پڑھیے

انڈیا کے لوگوں کے مقابلے میں پاکستانی زیادہ خوش کیوں؟

دنیا کی ثقافت کا تعین کرنے والے پانچ ممالک

اسی طرح بنگلہ دیش کا دارالحکومت ڈھاکہ دوسرے اور نائیجیریا کا شہر لاگوس تیسرے نمبر پر ہے جبکہ پاکستان کا ساحلی شہر کراچی چوتھے نمبر پر آتا ہے۔

دی اکانومسٹ نے کہا کہ ان شہروں کے سب سے کم قابل رہائش ہونے کا سبب، جرائم، خانہ جنگی، دہشت گردی یا پھر جنگ ہے اور ان جیسے عوامل نے ان کی درجہ بندی کو کم کرنے میں ‘بڑا کردار’ ادا کیا ہے۔

دمشق کا نواحی علاقہ

جنگ اور جرائم جیسے عوامل کے سبب دمشق سب سے کم قابل رہائش شہر قرار دیا گیا ہے

2018 کے دس سب سے زیادہ قابل رہائش شہر

  1. ویانا، آسٹریا
  2. میلبرن، آسٹریلیا
  3. اوساکا، جاپان
  4. کالگیری، کنینڈا
  5. سڈنی، آسٹریلیا
  6. وینکوور، کینیڈا
  7. ٹوکیو، جاپان
  8. ٹورونٹو، کینیڈا
  9. کوپن ہیگن، ڈنمارک
  10. 1ایڈیلیڈ، آسٹریلیا

2018 کے دس سب سے کم قابل رہائش شہر

  1. دمشق، شام
  2. ڈھاکہ، بنگلہ دیش
  3. لاگوس، نائجیریا
  4. کراچی، پاکستان
  5. پورٹ موریسبی، پاپوا نیو گنی
  6. ہرارے، زمبابوے
  7. تریپولی، لیبیا
  8. دوالا، کیمرون
  9. الجیئرس، الجیریا
  10. ڈاکار، سینیگال

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32493 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp