’کار کریش دہشت گردی کی کارروائی ہو سکتی ہے‘، ایک شخص گرفتار


لندن

لندن میں پارلیمان کے باہر گاڑی کی ٹکر سے دو افراد زخمی ہو گئے ہیں اور پولیس نے دہشت گردی کی کوشش کے شبہے میں ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

پولیس نے صبح ساڑھے سات بجے ایک شخص جس کی عمر 30 برس سے کچھ کم تھی کی گرفتاری سے قبل اس کی گاڑی کو گھیرے میں لے لیا۔

اس واقعے میں سائیکل سوار بھی زخمی ہوئے ہیں جنھیں لندن ایمبولینس سروس کے ذریعے ہسپتال پہنچایا گیا ہے۔

گاڑی میں کوئی اور نہیں تھا اور نہ ہی وہاں سے کوئی ہتھیار برآمد ہوا۔

مزید پڑھیے

لندن حملہ آوروں میں سے ایک پاکستانی نژاد خرم بٹ تھے

لندن برج: تیسرے حملہ آور کی شناخت ظاہر کر دی گئی

لندن میں دہشت گردی، برمنگھم میں چھاپے اور گرفتاریاں

سکاٹ لینڈ یارڈ کا کہنا ہے کہ ہم اسے ایک دہشت گردی کی کارروائی کے طور پر دیکھ رہے ہیں اور اب انسداد دہشت گردی کا محکمہ تحقیقات کو دیکھ رہا ہے۔

گرفتار شخص اس وقت جنوبی لندن کے پولیس سٹیشن میں موجود ہے جب کہ اس کی گاڑی اب بھی جائے وقوعہ پر موجود ہے اور پولیس اس کی تلاشی لے رہی ہے۔

لندن

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ سلیٹی رنگ کی ایک کار نے جان بوجھ کر شہریوں کو ٹکر ماری۔

ویسٹ منسٹر ٹیوب سٹیشن بند کر دیا گیا ہے اور پارلیمینٹ سکوائر اور وکٹوریا ٹاور گارڈنز کا بھی گھیراؤ کیا گیا ہے۔

جائے وقوعہ پر موجود پولیس حکام نے بتایا ہے کہ اس وقت پارلیمینٹ کا اجلاس نہیں ہو رہا اور لوگوں کو اس سے دور کر دیا گیا ہے۔

ایک عینی شاہد نے بتایا کہ ایک گاڑی ویسٹ باؤنڈ پاسٹ سے گزر رہی تھی کہ ایسٹ باؤنڈ کی جانب مڑ گئی۔

سوشل میڈیا پر نظر آنے والی تصاویر میں دیکھا گیا کہ ایک شخص کو پولیس نے ہتھکڑی لگا کر کار سے باہر لے جا رہی ہے۔

ملک کی وزیراعظم ٹریزامے نے کہا ہے کہ ان کی ہمدردی زخمی ہونے والوں کے ساتھ ہے اور ایمرجنسی سروسز کے اہلکار کا فوری کارروائی اور ہمت پر شکریہ۔

سیکریٹری داخلہ ساجد جاوید نے بھی فوری ردعمل پر شکریہ ادا کیا ہے۔ لندن کے میئر صادق خان کے مطابق وہ پولیس سے قریبی رابطے میں ہیں۔

لندن

بی بی سی کے سٹاف میں شامل بیری ولیمز کی رہائش ملبینک میں ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انھوں نے لوگوں کی چیخوں کی آوازیں سنیں۔

’گاڑی سڑک پر غلط سمت پر مڑ گئی اور جہاں سائیکل سواروں کو کچلا جو اشارہ کھلنے کے انتظار میں کھڑے تھے۔‘

خیال رہے کہ لندن میں اس سے قبل بھی راہگیروں کو گاڑی کے ذریعے کچلنے یا ان پر چاقو کے وار کرنے کے واقعات پیش آچکے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32296 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp