اٹلی: پل گرنے سے درجنوں افراد ہلاک، متعدد زخمی


اٹلی

اٹلی کے شمال مغربی شہر جینوا کی پولیس نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ موٹر وے پر ایک پل گرنے سے 26 افراد ہلاک اور 15 شدید زخمی ہوئے ہیں۔

پل گرتے وقت کی ویڈیو میں اس لمحے کو دیکھا جا سکتا ہے جب طوفانی بارش کے نتیجے میں اس پل کو سنبھالے ہوئے بڑے کھمبے گر گئے۔

اس حادثے کے نتیجے میں گاڑیاں اور ٹرک 45 میٹر دور ریلوے ٹریک، عمارتوں اور دریا کنارے پڑی پتھر کی سلوں پر جا گریں۔

امکان ہے کہ ملبے میں پھنسے ہوئے افراد کی تلاش کا کام رات بھر بھی جاری رہے۔

ایک امدادی کارکن نے اٹلی کی آنسا نیوز ایجنسی کو بتایا ہے کہ پل کے دیگر حصوں کے گرنے کا خطرہ بھی موجود ہے جس کے پیش نظر علاقے کی عمارتوں کو خالی کروا دیا گیا ہے۔

وزیر داخلہ میٹیو سیلوینی نے عہد کیا ہے کہ اس پل کو پیش آنے والے حادثے میں اگر کوئی بھی ذمہ دار پایا گیا تو اسے سزا دی جائے گی۔

انھوں نے کہا: ’میں اس پل پر سے سینکڑوں بار گزرا ہوں۔ اب ایک اطالوی شہری کی حیثیت سے میں پرانے اور نئے ذمہ دار منتظمین کے نام، حاصل کرنے کے لیے کچھ بھی کروں گا، کیونکہ اٹلی میں اس طرح سے مرنا ناقابل قبول ہے۔‘

اٹلی

پل کیسے گرا؟

یہ حادثہ شدید بارش کے باعث مقامی وقت کے مطابق 11 بج کر 30 منٹ پر پیش آیا۔

آنسا نیوز کے مطابق ایک عینی شاہد نے بتایا: ’ہم نے آسمانی بجلی کو پل پر گرتے دیکھا، اور ہم نے پل کو گرتے دیکھا۔‘

اینجینئرز کا کہنا ہے کہ ابھی اس پل کے گرنے کی وجہ بتانا قبل از وقت ہوگا لیکن آسمانی بجلی اس حادثے کی وجہ نہیں ہو سکتی۔

ایک اور عینی شاہد نے بتایا: ’ہم نے بہت ہی تیز آواز سنی اور شروع میں ہم سمجھے کے یہ بادل گرجنے کی آواز ہے۔‘

’ہم پل سے پانچ کلو میٹر دور رہتے ہیں لیکن ہم نے بہت ہی تیز آواز سنی، ہم ڈر گئے تھے۔۔۔ ٹریفک بے قابو ہو گئی تھی اور شہر مفلوج ہو گیا۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32294 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp