تحریک انصاف کے امیدوار پرویز الہیٰ بھاری اکثریت سے پنجاب اسمبلی کے اسپیکر منتخب


لاہور: تحریک انصاف کے نامزد چوہدری پرویز الہیٰ پنجاب اسمبلی کے اسپیکر منتخب ہوگئے اور انہوں نے اپنے عہدے کا حلف بھی اٹھالیا۔

سبکدوش ہونے والے اسپیکر رانا اقبال کی زیر صدارت پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے نئے اسپیکر کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعے کیا گیا، اس موقع پر تحریک انصاف اور ن لیگ کے اراکین نے شدید احتجاج کیا اور نعرے بازی بھی کی۔

ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد اسپیکر رانا اقبال نے تحریک انصاف کے نامزد امیدوار چوہدری پرویز الہیٰ کی کامیابی کا اعلان کیا، جنہوں نے 201 ووٹ حاصل کیے جب کہ ان کے مدمقابل مسلم لیگ ن کے چوہدری محمد اقبال نے 147 ووٹ حاصل کیے۔

اسمبلی میں ووٹنگ کے دوران تحریک انصاف کی بزرگ رکن اسمبلی شمسہ علی نے ووٹ دکھایا جس پر (ن) لیگی ارکان نے ہنگامہ کیا اور ووٹ کو عزت دو کے نعرے لگائے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے ووٹ دکھانے کے معاملہ کا نوٹس لیتے ہوئے شمسہ علی کا ووٹ منسوخ کردیا جو پی ٹی آئی کی جانب سے مخصوص نشست پر رکن اسمبلی منتخب ہوئیں۔

اسپیکر رانا اقبال کا کہنا تھا کہ ووٹ دکھانا امانت میں خیانت ہے اس لیے ووٹ کینسل کرنے کا حکم دیا ہے۔

خاتون رکن کا ووٹ منسوخ ہونے پر پی ٹی آئی کے ارکان نے اسپیکر ڈیسک کا گھیراؤ کیا اور مسلم لیگ (ن) کی رکن پر ووٹ دیکھنے کا الزام لگاتے ہوئے اسپیکر کو بھی جانبدار قرار دیا۔

اس موقع پر تحریک انصاف اور ن لیگ کے ارکان نے ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔

پی پی کا انتخابی عمل میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی نے الیکشن سے لاتعلق رہنے اور کسی کو ووٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

پنجاب اسمبلی کا ایوان 371 ارکان پر مشتمل ہے، عام انتخابات 2018ء میں 360 ارکان منتخب ہو کر ایوان میں پہنچے ہیں، گزشتہ روز 354 ارکین اسمبلی نے حلف اٹھایا، 6 اراکین اسمبلی حلف اٹھانے کے لیے نہ پہنچ سکے، جبکہ 11 نشستیں تاحال خالی ہیں۔

پنجاب اسمبلی کے ریکارڈ کے مطابق 72خواتین منتخب ہوکر ایوان میں آئی ہیں، جن میں 5 جنرل نشستوں پر، 66 مخصوص نشستوں پر جبکہ ایک کا انتخاب اقلیتی نشست پر ہوا ہے۔

ایوان میں 360 ارکان میں سے 175 کا تعلق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے اور 162 کا مسلم لیگ (ن) سے ہے، مسلم لیگ (ق) کے ارکان 10 جبکہ پیپلز پارٹی کی 7 نشستیں ہیں۔
بشکریہ جیو نیوز۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).