تھپڑ سے ڈر نہیں لگتاصاحب پیار سے لگتا ہے


آج کل ایک تھپڑ کی گونج ہے جو کراچی سے خیبر تک سنی گئی۔ ایسا کیا ہوگیا تھپڑ ہی تو مارا ہے کیوں واویلا ہے۔ ایسے تھپڑ تو ایک غریب دن میں کئی بار کھاتا ہے اپنے حالات کے ہاتھوں، اپنی زندگی کے ہاتھوں، بھوک کا تھپڑ، غربت کا تھپڑ، بے کسی بے بسی کا تھپڑ۔ ایسا کونسا غضب ہوگیا نومنتخب ممبر اسمبلی نے ایک بزرگ شہری پر تھپڑوں کی بارش کردی اپنے گارڈز کی موجودگی میں اور معافی مانگ کر سرخرو بھی ہوگئے۔

بے چارا شہری تھپڑ کھا کر چپ چاپ گھر چلا گیا، برا ہو ان سیل فونز کا جو موقع واردات کی ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا اور نیوز میڈیا پر پھیلادیتے ہیں۔ یہی ہوا کسی نے مووی بناکر سوشل میڈیا پر ڈال دی پھر تو جناب پورے میڈیا میں بھونچال آگیا ہر چینل اس تھپڑوں والے ٹوٹے کو بار نار دکھانے لگا۔ نومنتخب ممبر اسمبلی تو تھپڑوں کی بارش برسا کر سکون سے تھے لیکن ان کی جماعت پی ٹی آئی جس کی حکومت بننے جارہی ہے نے سخت اقدام لیا اور انھیں معافی مانگنے پر مجبور کیا اب ان صاحب کی تلاش شروع ہوئی، تگ ودو کے بعد داؤد چوہان صاحب مل گئے، ایک متوسط عزت دار انسان جو ہر چینل پر اپنی عزت تار تار ہوتے دیکھ رہا تھا کسی سے نظر نہیں ملا پارہا تھا۔

محترم نو منتخب ممبر صوبائی اسمبلی عمران شاہ رات گئے ان کے گھر معافی مانگنے پہنچ گئے۔ بے چارے اس آدمی کی تو خوف سے جان ہی نکل گئی وہ تو جبراً معاف کرکے چاہ رہا تھا کہ جلدی جان چھوٹے لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا بلکہ موصوف نے گلے لگا کر زبردستی تصاویر بھی بنوائیں اور پیار دلار کا مظاہرہ کیا۔

تھپڑ کھا کر وہ شخص چیخ چلا کر اپنی بھڑاس تو نکال رہا تھا لیکن اس معافی تلافی کے پیار نے تو چہرے کی رنگت ہی اڑادی تصاویر میں ایسا لگ رہا ہے قربانی کا بکرا سانس روکے کھڑا ہے۔ باز آئے ایسے پیار سے سچ ہے تھپڑ سے ڈر نہیں لگتا صاحب پیار سے لگتا ہے۔ اب ان کی جمات جو کارروائی کرتی ہے کرے لیکن اس شخص کی زندگی میں جو خوف جگہ پاگیا، جو ذلت اٹھا لی اس کا کیا ہوگا۔ وہ اس پیار کو ایک خطرے کی علامت سمجھ رہا ہے کہ یہ تو گھر تک پہنچ گئے آگے کیا ہوگا اللہ رحم کرے۔ سیاست چمکانے والوں نے تھانے میں رپورٹ لکھوانے کو کہا، لیکن اس نے خوف کی وجہ سے انکار کر دیا کہ میں اس جھمیلے میں نہیں پڑنا چاہتا۔

پی ٹی آئی نے اپنے گرد ایسے پڑھے لکھے جاہل جمع کر لیے ہیں جنھیں عوام کی اہمیت ہی نہیں معلوم، کہ یہ عوام تخت سے تختہ کر سکتی ہے۔ چاہے وہ شخص مخالف پارٹی کا ہو بات تو تب ہے سب کے ساتھ برابری کا سلوک کیا جائے کیونکہ مدینے جیسی فلاحی ریاست تب ہی بنے گی جب فلاحی ریاست کے کرتا دھرتا اپنے اندر نظم و ضبط پیدا کریں۔ پی تی آئی نے تھپڑ مارنے والے نومنتخب ممبر اسمبلی عمران علی شاہ کی پارٹی رکنیت ایک ماہ کے لیے معطل کر کے کارروائی کا فیصلہ کیا ہے بہت بہت شکریہ پی ٹی آئی انصاف ہوتا نظر آرہا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).