کیا اب جگر کی پیوندکاری کی ضرورت نہیں پڑے گی؟


ڈاکٹر
                                            یہ علاج کینسر کی ایک دوا سے ہوتا ہے جو جگر کی قدرتی صلاحیتوں کو پہلے جیسا ہی بنا دیتی ہے

ایڈنبرا کے سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اگر کسی کا جگر اچانک خراب ہو جائے تو اب ٹرانسپلانٹ یا پیوندکاری کی ضرورت نہیں ہوگی۔ جگر میں اگر خرابی پیدا ہو جائے تو اس میں خود کو ٹھیک کرنے کی قدرتی صلاحیت ہوتی ہے۔ لیکن کچھ معاملات جگر کی ان قدرتی صلاحیتوں کو نقصان پہنچتا ہے جیسے جگر پر کوئی خطرناک چوٹ جس میں زیادہ ادویات کا استعمال ہوتا ہو۔

یہ علاج کینسر کی ایک دوا سے ہوتا ہے جو جگر کی قدرتی صلاحیتوں کو پہلے جیسا ہی بنا دیتی ہے۔ یہ تحقیق ابتدائی مراحل میں ہے لیکن سائنسدانوں کی ٹیم کا کہنا ہے کہ پیوندکاری کے اس متبادل کا جگر کے امراض کے مریضوں پر گہرا اثر پڑے گا۔ برطانیہ میں ہر سال تقریباً دو سو لوگوں کو جگر کی خطرناک بیماری کا سامنا ہوتا ہے۔

اکیس سالہ سٹوڈنٹ نرس کارہ واٹ کو دو سال پہلے جگر ٹرانسپلانٹ کی ضرورت تھی۔ جب ان کی طبیعت خراب ہوئی اور چہرہ پیلا پڑنے لگا تو پتہ چلا کے ان کے جگر میں خرابی ہے جو بڑھتی ہی جا رہی ہے۔ ایڈنبرا کے ہسپتال میں انہیں بتایا گیا کہ انہیں جگر کی پیوندکاری کی ضرورت ہے۔ کارہ واٹ کہتی ہیں کہ یہ ان کے لیے یہ بہت بری خبر تھی۔

سائنسدانوں کی ایک ٹیم نے اس بات کی تحقیقات شروع کی ہے کہ آخر کچھ لوگو ں میں جگر خود کو ٹھیک کرنے کی قدرتی صلاحیت کیوں کھو دیتا ہے۔ تحقیق کے بعد پتہ چلا کہ جگر میں چوٹ لگنے سے جگر میں کمزوری پیدا ہو جاتی ہے۔ اس عمل میں جگر کے سیل بوڑھے ہونے لگتے ہیں اور ٹھیک سے کام نہیں کرپاتے۔ایک سائنسی جریدے میں شائع رپورٹ کے مطابق یہ بھی پتہ چلا ہے کہ اس کی ایک وجہ کیمیکل سگنل بھی ہے۔ اس کے بعد سائنسدانوں نے چوہوں پر کینسر کے ادویات کا تجربہ کیا جو ان سگنلز کو بلاک کردیتا ہے۔

سائنسدان اب یہ تجربہ انسانوں پر کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں جس سے جگر کی پیوندکاری کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔ یونیورسٹی آف ایڈنبرا کے ان تحقیق کاروں میں سے ایک سائنسدان ڈاکٹر تھامس برڈ کا کہنا ہے کہ اس علاج کی خوبصورتی یہ ہے کہ اگر آپ کو شدید چوٹ آئی ہو اس کے باجود بھی اس علاج کے بعد آپ ایک نارمل زندگی گذارتے ہیں۔

انکا کہنا ہے کہ اب جگر کے شدید امراض میں مبتلا مریضوں پر اس علاج کا تجربہ کی جائے گا اور ہم دیکھیں گے کہ آیا ہم جگر کی ہیوند کاری کے بغیر لوگوں کا علاج کر سکتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ کارہ واٹ جیسے لوگوں کی مدد سے ہم اس تحقیق کو آگے بڑھا سکتے ہیں۔

سائنسدانوں کی یہ ٹیم جس میں گلازگو کی بیٹ سن انسٹی ٹیوٹ کے ماہرین بھی شامل ہیں اس بات کی تحقیق بھی کر رہی ہے کہ کیا یہ سیل یا سگنلز جگر کے علاوہ دوسرے اعضا کو بھی متاثر کرتے ہیں جو ان کے ناکارہ ہونے کا سبب ہوتا ہے۔

بی بی سی

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32501 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp