حق دبے پاؤں پیچھا کرتا ہے


حق دبے پاؤں پیچھا کرتا ہے

‏سُن

ایک ہوتا ہے سچ
ایک ہوتا ہے حق

سچ آگے آگے چل رہا ہوتا ہے
اور کہیں نہ کہیں راستہ روک لیتا ہے

مگر
حق!

حق دبے پاؤں پیچھا کرتا ہے
اور برق بن کر ٹوٹتا ہے
راستہ نہیں روکتا
راستے موڑ دیتا ہے

سچ انسان کے ضمیر کا معاملہ ہے
حق ربِ ذوالجلال کی گرفت کا معاملہ ہے


‏دکھ اس بات کا نہیں

‏دکھ اس بات کا نہیں
کہ ہمیں کیا کچھ دکھایا جارہا ہے!
دکھ اس بات کا ہے
کہ کیا کچھ دیکھ رہے ہیں ہم!
دکھ یہ نہیں کہ للکارا جاتا ہے ہمیں
دکھ یہ ہے کہ زباں ہے مگر چپ ہیں ہم!
دکھ یہ نہیں کہ شہر کا شہر جل رہا ہے
دکھ یہ ہے کہ بانسری بجا رہے ہیں ہم!
دکھ یہ بھی ہے کہ خود کو زندہ سمجھ رہے ہیں ہم!


درباری مسخرہ

‏مسلمان حکمران دربار میں ایسے کردار رکھتے تھےجو مذہب، تاریخ، قانون کو ان کے مفاد میں موڑتے رہیں
ایک کردار درباری مسخرے کا ہوتا تھا
درباری مسخرہ بظاہر بادشاہ کا دل بہلاتا تھا
لیکن جس کا کام دراصل سنجیدہ اور تلخ حقائق کو مزاح میں اُڑادینا اور اپنی چرب ذبانی سے ثابت کرنا ہوتا تھا کہ آوازِحق بلند کرنے والے لوگ جاہل ہوتے ہیں۔


اور صرف ایک تم باقی ہو

‏کبھی کبھی
رات کی تنہائی میں
جب سارا جہاں سو چکا ہو
ہوا اور سناٹا دم سادھے ہوئے ہوں

ایسے میں تکیے میں منہ دیے
لمحہ بھر سوچا کرو
جیسے قیامت آکر گزر چکی ہے
تم بھی پلصراط سےگزر آئے ہو
خلق اپنا اپنا حساب دے کر نکل چکی ہے

اب سامنے صرف ایک کرسی ہے
جس پر خدا بیٹھا ہے!
اور صرف ایک تم باقی ہو
جو روبروئے خدا ہو!


‏اپنے ہی ملک میں ہوں

‏اپنے ہی ملک میں ہوں
پر جیسے
تھیٹر کی آڈیئنس ہوں
اسٹیج پر مزاحیہ کھیل چل رہا ہے
ہم ہنسے چلے جا رہے ہیں
ہنسے چلے جا رہے ہیں
پیٹ میں بل پڑ گئے ہیں
ملک کے سارےمزاحیہ اداکار اسٹیج پر ہیں
پر ابھی ابھی
کوئی میرے کان میں سرگوشی کر گیا ہے
ہوشیار!
کلائمکس سین بہت المناک ہے
پردہ گرجائے گا
اور سب روتے رہ جائیں گے

نورالہدیٰ شاہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

نورالہدیٰ شاہ

نور الہدی شاہ سندھی اور اردو زبان کی ایک مقبول مصنفہ اور ڈرامہ نگار ہیں۔ انسانی جذبوں کو زبان دیتی ان کی تحریریں معاشرے کو سوچنے پر مجبور کر دیتی ہیں۔

noor-ul-huda-shah has 102 posts and counting.See all posts by noor-ul-huda-shah