بنی گالا میں داخلے سے روکے جانے پر نعیم الحق نے شدید غصے میں کیا کہا؟ ویڈیو دیکھیے


پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما نعیم الحق کو بنی گالا میں داخلے سے روک دیا گیا جس پر وہ شدید برہم ہو گئے اور سیکورٹی گارڈ کو کھری کھری سنا دیں۔

عمران خان کی تقریب حلف برداری سے قبل نعیم الحق بنی گالا پہنچے تاکہ کپتان کے ہمراہ ایوان صدر پہنچیں لیکن وہ اس وقت ہکا بکا رہ گئے جب سیکورٹی نے انہیں مین گیٹ پر روک لیا اور اندر جانے کی اجازت نہ دی۔

نعیم الحق نے سیکورٹی سے استفسار کیا کہ کس کی جانب سے روکا گیا ہے جس پر سیکیورٹی گارڈ نے جواب دیا کہ خان صاحب کے چیف آف اسٹاف میجر عمر نے منع کیا ہے۔ اس پر نعیم الحق شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے بولے کہ کون میجر عمر، وہ تو خود میرے انڈر کام کرتا ہے۔ کمال کرتے ہو، کیا تم لوگ مجھے نہیں جانتے، بے وقوفی کی باتیں کررہے ہو، کھولو دروازہ، چھوڑو میجر عمر کو، مذاق لگا رکھا ہے، میں خان صاحب کو لینے آیا ہوں۔

تاہم سیکورٹی نے نعیم الحق کے غصے کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے انہیں اندر جانے کی اجازت نہ دی۔ اس پر نعیم الحق نے بنی گالا فون کرکے سیکورٹی سے بات کروائی، تب جاکر انہیں اندر جانے کی اجازت ملی۔

واضح رہے کہ نعیم الحق اپنے جارحانہ انداز اور غصے کی وجہ سے مشہور ہیں۔ نجی ٹی وی کے ایک ٹاک شو میں انہوں نے ن لیگ کے رہنما دانیال عزیز کے منہ پر تھپڑ رسید کردیا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).