’میں کپل دیو نہیں بننا چاہتا، مجھے ہاردک پانڈیا ہی رہنے دیں‘


پانڈیا

PA
پانڈیا کی عمدہ بولنگ کی بدولت انگلینڈ‌ کی پہلی اننگز 161 رنز پر سمٹ گئی

انڈین کرکٹر ہاردک پانڈیا کا کہنا ہے کہ ان کا کپل دیو کے ساتھ موازنہ نہ کیا جائے۔

24 سالہ پانڈیا نے ناٹنگھم میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے تیسرے میچ کے دوسرے دن پہلی بار اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کیں، ان کی عمدہ بولنگ کی بدولت انگلینڈ‌ کی پہلی اننگز 161 رنز پر سمٹ گئی۔

سابق انڈین کپتان کپل دیو نے 131 ٹیسٹ میچ کھیل کر 434 وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ ان کی بیٹنگ اوسط 31 رہی تھی۔

ہاردک پانڈیا کا کہنا ہے کہ ’میں کپل دیو نہیں بننا چاہتا۔ مجھے ہاردک پانڈیا ہی رہنے دیں۔ میں اسی میں خوش ہوں۔‘

اسی بارے میں مزید پڑھیں!

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

انڈین ٹیم کے مینو میں بیف!

ہم ہار کے ہی لائق تھے: وراٹ کوہلی

انڈیا کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں اننگز کی شکست

ان کا کہنا تھا کہ ‘میں 40 ایک روزہ بین الاقوامی میچ اور اب دس ٹیسٹ ہاردک پانڈیا کے طور پر کھیل چکا ہوں۔’

‘وہ اپنے دور کے عظیم کھلاڑی تھے، لیکن میرا موازنہ کپل دیو کے ساتھ نہ کیا جائے۔ مجھے خوشی ہو گی اگر آپ ایسا کریں گے۔’

ہاردک پانڈیا گذشتہ کچھ عرصے سے انڈین ایک روزہ ٹیم کا حصہ ہیں اور حال ہی میں انھوں نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا ہے۔

دونوں کھلاڑیوں کا موازنہ
رنز بیٹنگ اوسط وکٹیں بولنگ اوسط
کپل دیو 5,248 31.05 434 29.64
ہاردک پانڈیا 476 31.73 15 28.06

ٹرینٹ بریج میں انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ کے آغاز سے قبل ان کی بیٹنگ اوسط 32 اور بولنگ اوسط 39 تھی جبکہ سابق ویسٹ انڈین فاسٹ بولر مائیکل ہولڈنگ کا کہنا تھا کہ پانڈیا ابھی تک جنیئن ٹیسٹ آل راؤنڈر نہیں ہیں۔

ہاردک پانڈیا سے پوچھا گیا کہ کیا اتوار کو 28 رنز کے عوض پانچ وکٹیں لے کر انھوں نے اپنے ناقدین کو جواب دیا ہے تو انھوں نے کہا کہ ‘مجھے اس کی پرواہ نہیں ہے کہ وہ کیا کہتے ہیں۔ میں اپنے ملک کے کھیلتا ہوں، میں صحیح کام کر رہا ہوں اور میری ٹیم میرے سے خوش ہے۔ اس کے علاوہ کسی چیز کی اہمیت نہیں ہے۔’

پانڈیا

پانڈیا کا کہنا ہے کہ انڈیا نے انگلش بیٹنگ کی کمزوری کو بھانپ لیا ہے

خیال رہے کہ ٹرینٹ بریج ٹیسٹ میں انڈیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 329 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں انگلینڈ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 161 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام تک انڈیا نے اپنی دوسری اننگز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنائے تھے اور اس طرح اسے 292 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

اگرچہ پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو 2-0 کی برتری حاصل ہے لیکن پانڈیا کا کہنا ہے کہ انڈیا نے انگلش بیٹنگ کی کمزوری کو بھانپ لیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘ان کے پاس اہم کھلاڑی ہیں اور اگر انھیں آؤٹ کر دیا جائے تو وہ مشکلات کا شکار ہو جاتے ہیں۔’


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32508 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp