میں یوتھیا نہیں ہوں



کسی بھی معاشرے کی اقدار کی تنزلی ایک ایسا عمل ہے جو آہستہ تو ہوتا ہے مگر مسلسل جاری و ساری رہتا ہے۔ پھر دہائیوں بعد ایک ایسا موقع آتا ہے کہ وہ لوگ بھی اسی طرح یاوہ گوئی میں لتھڑے نظر آتے ہیں جن کو اس تنزلی کے مخالف بند کے طور پر سمجھا جا رہا ہوتا ہے۔

ہمارے ہاں سیاسی پارٹیوں کے ووٹرز کا کچھ نہ کچھ نام رکھنے کی روایت رہی ہے۔ پیپلز پارٹی کے ووٹر کو جیالا کہا جاتا ہے۔ جیالے کے لغوی و مروجہ معنوں پر کسی قسم کا بھی اعتراض نہیں وارد ہوتا، اس لئے پیپلز ہارٹی کا ووٹر اپنے آپ کو جیالا کہلوا کر خوش ہوتا ہے۔ تحریک انصاف کے زور پکڑنے کے بعد سے نون لیگ والوں کا نام کسی تحریک انصاف والے کی شرارت سے پٹواری پڑ گیا۔ پٹواری نام رکھنے کا جو مقصد مجھے سمجھ آیا وہ یہ تھا کہ ایک تو تحریک انصاف کا یہ الزام کہ نون لیگ والے اپنے جلسوں میں سرکاری ملازمین کو زبردستی بلاتے ہیں اور دوسرا یہ کہ پٹواری ایک ایسا عہدہ ہے جہاں الا ماشااللہ آوے کا آوا ہی بگڑا ہوا ہے۔ پولیس میں کچھ لوگ اچھے مل جائیں گے مگر پٹوار میں آٹے میں نمک کے برابر ہی یہ تعداد ہے۔ گو کہ پٹواری کہنے میں گالی کا کوئی عمل دخل نہیں ہے مگر پھر بھی مجھے یہ کہنا پسند نہیں ہے۔ اسی لئے میں اکثر اپنے نون لیگ کے دوستوں کو نونی، نون لیگی یا شرارتاً ننھے منھے نونی کہہ کر پکار لیتا ہوں۔

تحریک انصاف کے لوگ شروع شروع میں انصافی کہلائے جو اب بگڑ کر انساپی ہو چکا ہے۔ مگر سب سے زیادہ تکلیف دہ لفظ ‘یوتھیا’ ہے جو کہ اب ہر کس و ناکس شیر مادر کی طرح حلال سمجھ کر بولتا ہے۔ یہ لفظ انگلش اور اردو کے دو الفاظ کا ناجائز ملاپ ہے۔ کیونکہ عمران خان کے ووٹرز زیادہ تر نوجوان تھے تو اس حوالے سے انگلش کا لفظ یوتھ لے لیا گیا، پھر پدرانہ معاشرے میں رہتے ہوئے عورتوں کی تذلیل پر مبنی ایک مروجہ گالی ‘چ…یا’ لے کر یوتھ کو اس گالی کی مناسبت سے ‘یوتھیا’ بنا دیا گیا۔

لفظ ‘چ…یا’ کے مشتق کے بارے میں بتانے کی ضرورت نہیں ہے، سب کو پتا ہی ہے۔ فرہنگ آصفیہ میں چ…یا کا مطلب لکھا ہے احمق، بیوقوف، گاؤدی۔ اردو لغت ڈاٹ انفو پر چ…یا کا مطلب لکھا ہے (بازاری) وہ شخص جو عورت کے زنا کی کمائی کھائے، جورو کا بھڑوا، بطور گالی مستعمل۔

ہمارے جیسے پدرانہ معاشرے میں عورتوں سے جڑی گالیاں زبان زد عام ہیں، اور لبرلز و فیمینسٹس کے ہاں ایسے لوگوں کو میسوجنسٹ کہا جاتا ہے۔ مگر یہی لبرلز اور فیمینسٹس جب چ…یا جیسی گالی کو یوتھیا کہہ کر دل کی بھڑاس نکالتے ہیں تو مقصد ہی یہی ہوتا ہے کہ سیاسی طور پر صحیح بھی رہیں اور کام بھی ہو جائے۔ اصل میں ایسے لوگ منافق ہیں کہ سیدھا سیدھا چ…یا کہہ نہیں سکتے کہ لوگوں سے ڈرتے ہیں کہ وہ اسے گالی اور عورت کی توہین سے تعبیر کریں گے اس لیے یوتھیا کہہ کر دل سے میسوجنسٹ ہونے کا ثبوت دیتے ہیں۔

مجھے یہ لکھنے کی ضرورت اس لیے محسوس ہوئی کہ کل ایک مشہور صحافی نے مجھے ٹویٹر پر یوتھیا کہا اور میں یہ سوچتا رہا کہ ان بزرگ انکل کو کیوں یہ لگا کہ چ…یا کی بجائے یوتھیا کہہ کر وہ میسوجنسٹ کے الزام سے بچ جائیں گے؟ یہی وجہ سمجھ آئی کہ جب معاشرہ تنزل پذیر ہوتا ہے تو عالم و جاہل سب ہی اس بداخلاقی کے گڑھے میں گر جاتے ہیں جس سے باہر آنا اگر صدیوں کا نہیں تو کم از کم دو چار دہائیوں کی محنت ضرور ہے۔

انکل، میں نہ چ…یا ہوں اور نہ ہی یوتھیا ہوں، مگر کاش آپ اپنے محترم والدین اور لائق اساتذہ کی محنت کو اس طرح ضائع نہ کرتے یا شائد تربیت میں تھوڑی سی اور محنت ہو جاتی تو کم از کم آپ کی مغرور خودراستی تو ختم ہو جاتی۔ گیٹ ویل سون انکل۔

Published on: Aug 20, 2018


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).