نواز شریف، مریم نواز کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی منظوری


پاکستان

نواز شریف کو ایون فیلڈ ریفرنس میں دس برس قید کی سزا سنائی گئی ہے

پاکستان کی وفاقی کابینہ نے پیر کو حلف اٹھانے کے بعد وزیر اعظم عمران خان کی سربراہی میں اپنے پہلے اجلاس میں اڈیالہ جیل میں مقید سابق وزیراعظم محمد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

ادھر اسلام آباد ہائی کورٹ میں نواز شریف اور مریم نواز کو ایون فیلڈ ریفرنس میں سنائی جانے والی سزا کی معطلی کے لیے درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا گیا ہے۔

عدالت کا کہنا ہے کہ وہ مناسب حکمنامہ جاری کرے گی۔

نواز شریف اور مریم نواز کی سزا اور پاکستان واپسی: خصوصی ضمیمہ

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ملک کے نئے وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کابینہ کے اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا ہے کہ محمد نواز شریف کے دونوں بیٹوں حسن نواز اور حسین نواز اور ملک کے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو بدعنوانی کے مقدمات کے حوالے سے ملک واپس لانے کے انتظامات کیے جائیں اور اس سلسلے میں وزارت داخلہ کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ میں میڈیا سے اپنی پہلی ملاقات میں بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے مزید بتایا کہ کابینہ کے فیصلے کے مطابق برطانوی عدالتوں سے ایون فیلڈ پراپرٹیز کی ملکیت کے حوالے سے رابطہ کیا جائے گا تاکہ اس کی مد میں رقم واپس ملک لائی جائے۔

پاکستان

کابینہ نے اپنے اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا کہ ماہر قانون شہزاد اکبر کی سربراہی میں ٹاسک فورس تشکیل دی جائے گی جس کی مدد سے ایسے غیر قانونی اثاثے جو ملک سے باہر رکھے گئے ہیں انھیں واپس لایا جائے گا۔ فواد چوہدری کے مطابق اس ٹاسک فورس میں ایف آئی اے، نیب، سٹیٹ بینک، ایف بی آر، وزارت قانون ، وزارت خارجہ اور دیگر محکموں کے نمائندے شامل ہوں گے۔

فواد چوہدری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ کابینہ کی جانب سے لیے گئے دیگر فیصلوں میں یہ طے کیا گیا ہے کہ احتساب کا عمل وزیر اعظم سے خود شروع ہوگا اور کابینہ کے ارکان اب سرکاری خرچے پر بیرون ملک علاج کے لیے نہیں جا سکیں گے۔

اس کے ساتھ ساتھ وزیر اعظم، کابینہ اور دیگر سرکاری افسران غیر ضروری غیر ملکی دوروں پر جانے سے گریز کریں گے۔

اس کے علاوہ کابینہ نے وزیر اعظم ہاؤس میں مہنگی بلٹ پروف گاڑیوں کی نیلامی کی منظوری دی۔

اس کے علاوہ وزیرِ خزانہ اسد عمر کی نگرانی میں ایک کمیٹی قائم کی جائے گی جو کہ تاریخی اہمیت کی سرکاری املاک کا جائزہ لے گی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32295 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp