’فضائی آلودگی سے لوگوں کی ذہانت کم ہو جاتی ہے‘


فضائی آلودگی

ایک نئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ طویل عرصے تک فضائی آلودگی سے متاثر ہونے کی صورت میں لوگوں کی ذہنی صلاحیتیں میں فرق پڑ سکتا ہے۔

محققین کے خیال میں منفی اثرات عمر کے ساتھ ساتھ بڑھتے ہیں اور اس سے سب سے زیادہ متاثر وہ افراد ہوتے ہیں جو کم تعلیم یافتہ ہوتے ہیں۔

امریکہ اور چین کی اس تحقیق میں چین میں چار سال سے زائد عرصے تک تقریباً 20 ہزار افراد کی زبانی اور ریاضی کی صلاحیتیوں کی نگرانی کی گئی۔

محققین کے خیال میں اس تحقیق کے نتائج کا دنیا بھر سے تعلق ہے، کیونکہ دنیا بھر کی شہری آبادی کا 80 فیصد حصہ غیرمحفوظ فضائی آلودگی میں سانس لے رہا ہے۔

یہ تحقیق ان علاقوں میں جہاں تحقیق میں شامل افراد رہتے ہیں وہاں کی فضا میں موجود سلفر ڈائی آکسائیڈ، نائٹروجن ڈائی آکسائیڈ اور ہوا میں پائے جانے والے 10 مائیکرو میٹر سے چھوٹے مضر صحت مادوں کی بنیاد پر کی گئی ہے۔

کاربن مونو آکسائیڈ، اوزون اور ہوا میں پائے جانے والے مضر صحت بڑے مادے اس تحقیق میں شامل نہیں ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق نہ دکھنے والے قاتل ذرات یعنی فضائی آلودگی کے باعث ایک اندازے کے مطابق سالانہ 70 لاکھ قبل از وقت اموات ہوتی ہیں۔

نیشنل اکیڈمی آف سائنس کی کارروائی کے دوران پیر کو شائع ہونے والی تحقیق میں کہا گیا ہے کہ ’ہم یہ شواہد فراہم کر رہے ہیں کہ فضائی آلودگی کے زبانی ٹیسٹ پر اثرات عمر کے ساتھ بڑھتے ہیں اور خاص طور پر مردوں اور کم تعلیم یافتہ افراد زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔‘

تحقیق کے مطابق آلودگی سے الزائمر اور دوسری طرح کے ڈیمینیشیا جیسے امراض کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

تحقیق کے شریک مصنف شی چین نے گارڈیئن کو بتایا: ’بڑے پیمانے پر آلودہ فضا کی وجہ سے تعلیمی سطح اوسطاً ایک سال تک کم ہو جاتی ہے، جو کہ بہت زیادہ ہے۔‘

دنیا بھر میں فضائی آلودگی: اعداد و شمار

فضائی آلودگی کے باعث ہر سال 70 لاکھ افراد کی موت ہو جاتی ہے

2016 میں دنیا بھر میں 42 لاکھ افراد کی موت فضائی آلودگی کے باعث ہوئی

دنیا کی 91 فیصد آبادی ایسے مقامات پر رہتی ہے جہاں کا فضائی معیار عالمی ادارہ صحت کے بتائے اصولوں سے بہت خراب ہے

دنیا میں ہر 10 افراد میں سے نو آلودہ فضا میں سانس لیتے ہیں

ذرائع: عالمی ادارہ صحت


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32298 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp