برکات حکومت تبدیلیہ


پیارے بچوں، ’ میں آپ کا نیا ہیڈ ماسٹر ہوں، اور میرے ساتھ کھڑی شخصیت تمہارے نئے استاد ہیں، جو تم سب کو ’ مطالعہ نیا پاکستان ‘ پڑھائیں گے۔ جیسا کہ تم سب کے علم میں ہے کہ پرانا پاکستان اگست میں بنا تھا، کس تاریخ کو بنا تھا؟ اس پر تاریخ دانوں میں اختلاف پایا جاتا تھا، اس لیے تاریخ کو از سر نو مرتب کرنے کے لیے عام انتخابا ت میں آر ٹی ایس سسٹم کے ذریعے نتائج مرتب کرکے 18 اگست کو نیا پاکستان بنا دیا گیا ہے۔ آج سے تمہارے اسکول کا نام بھی تبدیل کردیا گیا ہے۔ نئے اسکول کا نام ’ تعمیر نئی ملت گورنمنٹ اسکول، نیا ناظم آباد، کراچی۔ ‘ تجویز ہوا ہے۔ تو بچوں اس تمہیدی گفتگو کے بعد میں رخصت چاہتاہوں، مطالعہ نیا پاکستان کا پہلا سبق اپنے نئے استاد سے پڑھنے کے لیے کمر کس لو۔ ‘

پیار ے بچوں، ’ جیسا کہ تم نے اپنے بڑوں سے سنا ہوگا، کہ ان کے دادا پر دادا اور سگڑ دادا اپنے زمانے میں ’ برکات حکومت انگلشیہ ‘ اور ’ برکات حکومت غیر انگلشیہ ‘ کا سبق معروف و نامور مزاح نگار ابن انشاء کی کتاب ’ اردو کی آخری کتاب ‘ میں پڑھتے آئے ہیں۔ سو ابن انشاء مرحوم کی غیر نصابی کتاب ’ اردو کی آخری کتاب ‘ کے سبق ’ برکات حکومت غیر انگلشیہ ‘ سے متاثر ہوکر ’ مطالعہ نیا پاکستان ‘ کا پہلا سبق ’ برکات حکومت تبدیلیہ ‘ تر تیب دیا گیا ہے۔ یہ تو تم سب نے پڑھا ہی ہوگا، کہ لاکھوں جانوں کی قربانی دے کر پرانے پاکستان کا قیام عمل میں آیا تھا۔ نئے پاکستان کے قیام کے متعلق جان لو، کہ چند بچوں اور ایک ماں و باپ کی قربانی دینے کے بعد ہی نئے پاکستان کا حصول ہوگیا ہے۔ ‘

بچوں، ’ پرانے پاکستان کے قیام کی تاریخ کی جب بات کی جاتی ہے، تو بتایا جاتا ہے کہ اس کے قیام میں غیر مرئی قوتوں کا ہاتھ تھا، جب ہی ستائیس رمضان المبارک کو پرانا پاکستان بنا۔ نئے پاکستان کے قیام اور تبدیلی میں جہاں غیر مرئی قوتیں سرگرم عمل ہیں، وہیں نئے پاکستان کی تاریخ میں یہ بات ہمیشہ روشن حروف سے لکھی جائے گی، کہ قیام نئے پاکستان میں ایک ہوائی جہاز کا بھی کلیدی کردار تھا، اگر یہ جہاز نہ ہوتا، تو تم سب تبدیلی کی برکات کا مطالعہ و مشاہدہ نہیں کر رہے ہوتے۔ ‘

بچوں، ’ پرانے پاکستان کے طور طریق ہی نرالے تھے۔ اس میں اگر کوئی رکن اسمبلی سرکاری اہل کار کو تھپڑ مارتا تھا، تو اس کو دو سال کے لیے نا اہل کردیا جاتا تھا۔ نئے پاکستان میں ارکان اسمبلی کو یہ سہولت دی گئی ہے، کہ وہ کسی بھی سرکاری افسر یا شہری کو تھپڑ مار کر کسی بھی فلاحی ادارے میں چند لاکھ روپے جمع کرا سکتے ہیں اور چند نادار مریضوں کے علاج کا خرچہ اٹھاسکتے ہیں۔ اس اقدام سے جہاں فلاحی اداروں کے کام کی وسعت بڑھے گی، وہیں نادار مریض بھی علاج کی سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ اس لیے ہر سرکاری افسر، اہل کار، شہری بخوشی ارکان اسمبلی اور وزیروں سے تھپڑ اور گالیاں کھانے کے لیے تیار رہے اور فلاحی کاموں میں حکومت تبدیلیہ کا ہاتھ بٹائے۔ ‘

بچوں، ’ پرانے پاکستان میں سفری سہولتیں بھی نہایت مہنگے دام دستیاب تھیں۔ اربوں روپے کی امداد حکومت میٹرو بس، ریلوے اور پی آئی اے کو اس مد میں دیتی تھی۔ حکومت تبدیلیہ نے نہایت ارزاں نرخوں پر ہیلی کاپٹر سروس کا آغاز کر دیا ہے۔ تم لوگ جو ٹھنس ٹھسا کر اسکول وین میں آتے ہو، وہ دور اب لدنے والا ہے۔ جلد ہی تمہارے والدین تم کو ہیلی کاپٹر دلادیں گے، کیونکہ اسکول وین کا خرچہ بہرحال ہیلی کاپٹر کے خرچے سے زیادہ ہے۔ جیسا کہ میں نے تم کو بتایا کہ غیر مرئی قوتیں بھی نئے پاکستان میں سرگرم عمل ہیں، تو کچھ بعید نہیں کہ روحانی طور پر مضبوط والدین جنات کو قابو میں کرکے تم کو اڑن کھٹولوں پر بھی سیر کے مزے کرائیں۔ ‘

بچوں، ’ پرانے پاکستان کے وزیراعظم بہت فضول خرچ ہوتے تھے۔ اس لیے بڑی کاوشوں کے بعد بذریعہ عام انتخابات ایک سگھڑ وزیر اعظم کا انتخاب عمل میں آچکا ہے۔ سگھڑ وزیراعظم کے پیش نظر صرف بچت ہے، باقی امور مملکت اللہ جانے اور اوپر والے۔ جیسے سگھڑ بہو اور بیوی رقم بچا کر گھر کی بنیادیں، دروازے مضبوط او ر دیواریں اونچی کرکے گھر کو کسی دشمن کی میلی آنکھ سے بچاتی ہے۔ اسی طرح تمہارا سگھڑ وزیر اعظم ذاتی و حکومتی خرچے کم کرکے بچت کا عزم کیے ہوئے ہے، تاکہ وطن عزیز کا دفاع مزید مضبوط ہو۔ ا س لیے جہاں اوپر والے سگھڑ وزیر اعظم کی بچت مہم کا بھرپور ساتھ دے رہے ہیں، وہیں تمہارا اور قوم کا بھی فرض بنتا ہے، کہ بچت کی مہم میں سگھڑ وزیراعظم کا ساتھ دیں۔ ‘

بچوں، ’ پرانے پاکستان میں سوشل میڈیا کے ذریعے تم نے ایک دوسرے پر لعن طعن کرنا، گالیاں دینا اور بکنا تو سیکھ ہی لیا ہوگا۔ اگر نہیں سیکھا تو جلد از جلد سیکھ لو، کیونکہ ان گالیوں کو بکنے کا وقت اب الیکٹرونک میڈیا اور سرکاری میٹنگز میں آگیا ہے۔ یہ بہت بڑی تبدیلی ہے، اب آپ کسی کو بھی گالی بک کر اپنی دل کی بھڑاس بھی نکال سکتے ہیں اور سرکاری و غیرسرکاری کام بھی کروا سکتے ہیں۔ کسی سرکاری افسر یا قانون نافذ کرنے والے ادارے کے افسر کی اپنے ادارے یا علاقے سے منتقلی درکار ہو تو گالیاں دینے سے یہ کام جلد ممکن ہوجاتا ہے۔ ‘

پیارے بچوں، ’ جیسا کہ تم جانتے ہو کہ نئے پاکستان کے قیام کو چند دن ہی ہوئے، اوران چند دنوں میں جوتبدیلیاں رو نما ہوئیں، اس میں سے چیدہ چیدہ تبدیلیوں اور ان کی برکات کے متعلق تم کو مختصرا آگاہ کردیا ہے۔ گھر جاکر میرے مضمون سے متعلق، تم نے بس یہ کام کرنا ہے، کہ ٹی وی کھول کر بیٹھ جاؤ اور وفاقی و صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب بچت کے جو نت نئے اچھوتے طریقے بتائیں، ان کو کاپی پر نوٹ کرو۔ کوئی نئی گالی سنو، تو لوح ذہن و دل پر محفوظ کرلو، لکھنے کی قطعی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ مطالعہ نیا پاکستان کا اگلا سبق اب اگلے ماہ ہوگا، اب چھٹی کرو۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).