مولانا فضل الرحمن کی لندن میں آصف زرداری سے ملاقات


\"fazalجے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے آصف زرداری سے ملاقات کرکے انہیں وزیر اعظم کی حمایت کے لیے قائل کرنے کی کوششیں کی ہیں تاہم سابق صدر نے انہیں اپنے تحفظات سے آگاہ کردیا ہے۔
ایک نجی ٹی وی چینل کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے آصف زرداری سے لندن کے علاقے پارک لین میں ان کے فلیٹ میں ملاقات کی۔ 3 گھنٹے تک جاری رہنے والی اس ملاقات میں ملک کو درپیش حالات اور پاناما لیکس کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر تفصیلی غور کیا گیا۔
ملاقات کے دوران مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاناما معاملے سمیت ہرقسم کی کرپشن کے خلاف تحقیقات ہونی چاہیے لیکن مخصوص افراد کو نشانہ نہیں بنانا چاہیے، انہوں نے آصف زرداری کو وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات اور ان کی حمایت کرنے کے لئے قائل کرتے ہوئے کہا کہ وہ نواز شریف کا ساتھ دیں اور انہیں ان کی آئینی مدد پوری کرنے دیں۔
آصف زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی جمہوریت کے خلاف کسی بھی سازش کا حصہ نہیں بنے گی، اس کے علاوہ ان لوگوں کا ساتھ بھی نہیں دے گی جو شارٹ کٹ کے ذریعے اقتدار حاصل کرنا چاہتے ہیں لیکن نواز شریف کی حکومت پیپلزپارٹی کے ساتھ جو سلوک روا رکھے ہوئے ہے وہ ناقابل برداشت ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق صدر کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کی حکومت پر تحفظات سننے کے بعد مولانا فضل الرحمان اب وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کریں گے اور جس کے بعد وہ آصف زرداری سے ایک مرتبہ پھر ملیں گے اور انہیں وزیر اعظم کے جواب سے آگاہ کریں گے۔
واضح رہے کہ اس وقت مولانا فضل الرحمان ، آصف زرداری اور وزیر اعظم نواز شریف لندن میں ہی موجود ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).