عمران احمد خان نیازی کیسے ناکام ہوں گے؟


جنرل الیکشن 2018 سے پہلے وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان عمران احمد خان نیازی سے کچھ لوگوں کو یہ تحفظات تھے کہ ان کا وزیراعظم بننے کے بعد رویہ کنٹینر والا ہوگا۔ وہ عمران خان کو ایک غیر سنجیدہ شخص تصور کررہے تھے۔ وہ کسی کے بارے میں کچھ بھی کہہ دیں گے۔ قوم اور اسٹیبلیشمنٹ ہاتھ ملتی رہ جائے گی کہ ہم نے ملکی کمان نا تجربہ کارشخص کے ہاتھ میں تھما دی۔اس کے علاوہ عمران خان ملکی پالیسی، ملکی مسائل کے حوالے سے ایک ڈکٹیٹر کا رویہ رکھیں گے۔ عمران خان بری طرح ناکام ہو جائیں گے۔ وغیرہ وغیرہ۔ لیکن یہ سب دعوے اور تحفظات دھرے کے دھرے رہ گئے۔ وزیر اعظم بننے کے بعد عمران خان کی شخصیت میں بہت واضح تبدیلی سب کو نظر آ رہی ہے۔ ان کی شخصیت میں ایک ٹھہراو آگیا ہے۔ وہ اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنے کی بجائےہر ادارے، فوج اور قوم کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں۔

اپنے ہر اقدام سے پہلے فوج اور پوری قوم کو اعتماد میں لے رہے ہیں۔ بڑے بڑے منصوبوں میں قوم کو ساتھ شامل کر رہے ہیں۔ مثال کے طور پر درخت لگانے کی مہم اور ڈیم بنانے کے پروجیکٹ میں جس طرح پوری پاکستانی عوام عمران خان کا ساتھ دے رہی ہے۔ انشاء اللہ یہ دونوں ٹارگٹ عمران خان پانچ سال سے پہلے حاصل کر لیں گے۔ نوجوان طبقے میں عمران خان کے وزیراعظم بننے سے پہلے جو اضطراب اور مایوسی تھی وہ ختم ہو گئی ہے۔ وہ عمران خان کے سارے اقدامات کو گہرائی سے دیکھ رہے ہیں۔ میاں عاطف کو ہٹانے کی بڑی وجہ نوجوان طبقے کی تنقید تھی۔ عمران خان وزیراعظم بھی بن گئے اور وہ کام بھی شروع کر دیئے جو ہماری آئندہ نسلوں کی بقاء کے لئے ضروری ہیں۔ عمران خان ایماندار اور پاکستان کے ساتھ مخلص شخص ہیں اس لئے مخیر حضرات پاکستان کے لئے پیسے بھی دیں گے۔ لیکن پاکستان ترقی اس صورت میں کر سکتا ہے کہ ہم نیا پاکستان کی ساری توقعات عمران خان سے نہ رکھیں بلکہ خود سے شروع کرکے اپنی ذات کے اندر سے کرپشن ختم کریں۔

جب ہم خود صاف شفاف ہوں گے تو اگر کوئی دوسرا کرپشن کر رہا ہوگا تو آپ کے اندر کا ضمیر اسے ہاتھ سے روکنے پر مجبور کرے گا ورنہ آپ اسے زبان سے روکیں گے اور ایمان کے آخری درجے کے مطابق اسے دل میں ضرور برا سمجھیں گے۔ اگر آپ غلط کام کو دیکھ کر اسے دل میں بھی برا نہیں سمجھتے تو سمجھیں آپ کے اندر ایمان کی رتی بھی شامل نہیں ہے۔ آپ کو صدق دل سے توبہ کرنے کی ضرورت ہے۔ ایک ایماندار وزیراعظم ملنے کے بعد بھی اگر ہم نے اپنا رویہ تبدیل نہ کیا تو عمران خان بری طرح ناکام ہو جائیں گے اور اس کی ذمہ داری ہم پرعائد ہو گی نہ کہ عمران خان پر۔ اللہ تعالی نے ہمیں ایک اچھے حکمران عمران خان کی صورت میں موقع دیا ہے کہ ہم اپنے اعمال درست کر لیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).