شریف خاندان کی درخواستیں: اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے نیب کی درخواست مسترد


پاکستان

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کی طرف سے احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف دائر کی گئی درخواستوں کو ناقابل سماعت قرار دینے کی نیب کی درخواست کو مسترد کر دیا ہے۔

بی بی سی کے نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق عدالت کا کہنا تھا کہ مجرمان کے خلاف احتساب عدالت میں مقدمہ خصوصی حالات میں سنا گیا اس لیے اسلام آباد ہائی کورٹ کے پاس احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل سننے کا اختیار حاصل ہے۔

نیب کے سپیشل پراسیکیوٹر اکرم قریشی کی طرف سے مجرمان کی طرف سے دائر کی گئی اپیلوں کی مخالفت میں دلائل دیتے ہوئے کہا گیا کہ اگر سزا تین سال سے زیادہ ہو تو سزا کی معطلی فوری طور نہیں ہو سکتی۔

اس بارے میں مزید پڑھیے

’نیب کو بتانا ہو گا کہ بچے کس کے زیر کفالت تھے‘

نواز، مریم کی سزا معطلی کی درخواستوں کا فیصلہ موخر

اس پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ کے سربراہ نے نیب کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا کسی اور مقدمے میں اس طرح روزانہ ٹرائل ہوا ہے اور کہا کہ اس کیس کے مخصوص حالات ہیں۔

جواب میں نیب کے وکیل نے اس کی نفی کرتے ہوئے کہا کہ کوئی مخصوص حالات نہیں تھے ۔

بینچ کے سربراہ نے نیب کے وکیل سے پوچھا کہ وہ کوئی ایسا مقدمہ بتائیں جس میں احتساب عدالت سے کہا گیا ہو کہ وہ چھ ماہ میں مقدمے کا فیصلہ سنائیں تاہم نیب کے سپیشل پراسیکوٹر اس ضمن میں کوئی مثال پیش نہ کر سکے۔

اکرم قریشی کا کہنا تھا کہ وکلا صفائی نے بد نیتی سے سزا معطلی پر پہلے دلائل دینے کا فیصلہ کیا جس پر بینچ میں موجود جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ عدالت نے اُن کے اعتراضات کو نوٹ کر لیا ہے لہذا اب آگے چلیں اور وہ سزا کی معطلی کے خلاف دائر ہونے والی اپیلوں کے خلاف دلائل دیں۔

نیب کے وکیل نے کہا کہ کل میری ماں کو لاہور میں دل کا دورہ پڑا ہے وہ بیمار ہیں اس لیے وہ آج دلائل نہیں دے سکتے جس پر عدالت کا کہنا تھا کہ اگر ایسا معاملہ تھا تو وہ یہ بات سماعت شروع ہونے سے پہلے بھی کر سکتے تھے۔

نیب کے وکیل نے استدعا کی کہ ان اپیلوں کی سماعت 17 ستمبر تک ملتوی کردی جائے۔ نیب کے وکیل نے کہا کہ وہ آئندہ سماعت پر حتمی دلائل کو ختم کر دیں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32553 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp