سیاسی دباﺅ کی شکایت کرنے پر ڈی سی راجن پور اور ڈی سی چکوال کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی


وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کو عوامی نمائندوں کی طرف سیاسی دباﺅ ڈالنے کے خلاف خطوط لکھنے والے دو ڈپٹی کمشنرز کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کا فیصلہ کی گیا۔ دونوں افسروں کو شوکاز نوٹس جاری کر دیئے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب کے ترجمان کے مطابق ڈپٹی کمشنر راجن پور اللہ دتہ وڑائچ اور ڈپٹی کمشنر چکوال غلام صغیر شاہد کو شوکاز نوٹس جاری کر دیئے گئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق دونوں افسران کو چین آف کمانڈ کی خلاف ورزی پر پر نوٹس جاری کئے گئے ہیں۔ کمشنر راولپنڈی اور کمشنر ڈی جی خان کی سفارشات پر مبنی تحقیقاتی رپورٹ کی بنا پر شوکاز نوٹس جاری کئے گئے۔

دونوں افسران کے خلاف پیڈا ایکٹ کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس حوالے سے ان کو نوٹسز جاری کر دیے گئے ہیں تاہم جن ارکان اسمبلی نے مذکورہ افسران پر سیاسی دباﺅ ڈالا تھا، ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔

واضح رہے کہ ڈی سی چکوال نے وزیر اعظم کے نام خط لکھا تھا جس میں انہوں نے تحریک انصاف کے ایم این اے سردار ذوالفقار علی خان دلہ پر سیاسی دباﺅ کا الزام عائد کیا تھا۔ ڈی سی راجن پور نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے نام خط میں تحریک انصاف کے رکن اسمبلی سردار نصراللہ دریشک پر سیاسی دباﺅ ڈالنے کا الزام لگایا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).