فاروق ستار بھائی یا کوکسل بابا؟


پاکستان میں منعقد ہونے والے حالیہ ملکی انتخابات میں خلاف توقع کئی بڑے بڑے برج الٹ گئے۔ جن میں کراچی سے ایم کیو ایم کے بڑے رہنما جناب فاروق ستار بھی شامل تھے۔ کسی نے “فاروق بھائی اپنے ووٹروں پر غصہ اتارتے ہوئے” کا عنوان لگا کر ایک وِڈیو سوشل میڈیا پر ڈال دی، جو فوراً وائرل بھی ہو گئی۔

وِڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے، کہ بظاہر ایک بالکل چھوٹے قد اور کم زور جسامت والا انتہائی غصیلہ شخص اپنے سامنے آنے والے ہر شخص سے بھڑ جاتا ہے۔ وہ ان پر ٹھڈے، مکے اور لاتیں برساتا ہے۔ ہاتھ میں آنے والی کسی بھی چیز کو اپنے مد مقابل پر کھینچ مارتا ہے۔ اپنے سے دُگنی جسامت کے لوگوں سے اس منحنی سے شخص کی یہ لڑائی دیکھنے والوں کے چہرے پر بے ساختہ مسکراہٹ بکھیر دیتی ہے۔

وِڈیو میں کچھ لوگ ہنس رہے ہوتے ہیں اور کچھ جھوٹ موٹ میں اس کی زد سے بچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ بظاہر ایسا لگتا ہے کہ ان صاحب کے چھوٹے قد اور کم زور جسامت کی وجہ سے لوگ ان کو چھیڑتے ہیں۔ ان کا مذاق اڑانے کے لیے کسی نے ان کی وِڈیو بنا کر انٹر نیٹ پر ڈال دی ہے۔

اگر ان کی اس طرح کی کوئی وِڈیو دیکھ کر آپ بھی ان کے بارے ایسا سوچ رہے ہیں تو آپ سخت غلطی پر ہیں۔
جناب ان صاحب کا تعلق ترکی سے ہے اور یہ وہاں کے یو ٹیوب سپر اسٹار ہیں۔ ان کی شہرت اب ترکی سے نکل کر پوری دنیا میں پھیل رہی ہے اور اب تک ان کے یو ٹیوب چینل کو چھہ لاکھ سے زیادہ لوگ سبسکرائب کر چکے ہیں۔

کوکسل بابا (the little man) کا پورا نام (koksal bekta) کوکسل بیکٹا ہے۔ یہ 10 فروری 1975میں ترکی کے ایک ساحلی شہر تریبزون (trabzon) میں پیدا ہوئے۔ ان کے اپنے کہنے کے مطابق یہ ترکی کے سابق جونیئر باکسنگ چیمپین ہیں۔ ان کا باکسنگ کیرئیر 20 سال پر محیط ہے۔ (ویسے بابا کی جسمانی ساخت ان کے دعوے سے متضاد دکھائی دیتی ہے )۔

دراصل 2015 میں ان کی کسی شخص سے لڑائی کی وِڈیو یو ٹیوب پر وائرل ہو گئی۔ جسے تھوڑے ہی عرصے میں ساٹھ لاکھ سے زیادہ بار دیکھا گیا۔ یہی کوکسل بابا کی شہرت کا نقطہ آ غاز تھا۔ اس کے کچھ ہی عرصے کے بعد کوکسل بابا کو ایک چھوٹی سی کار چلاتے ہوئے دکھایا گیا۔ اس وِڈیو کو بھی اتنی ہی شہرت نصیب ہوئی۔ اس کے بعد بابا کی شہرت کی بلندیوں کا سفر شروع ہوا، جو اب تک جاری ہے۔

ان کی بے شمار وِڈیوز اس وقت کئی سوشل میڈیا ویب سائیٹس پر موجود ہیں۔ 2017ء سے 2018 ء تک کوکسل بابا کو ان وِڈیوز سے چار لاکھ امریکن ڈالرز کے برابر آمدنی ہوئی۔ کوکسل بابا کو اب ہمیشہ قیمتی سفاری سوٹ یا اسٹائلش جینز میں ملبوس دیکھا جا سکتا ہے۔ کچھ وِڈیوز میں کوکسل بابا ایک ڈان کی سی شان سے اپنے دوستوں کے جلو میں بڑھتے نظر آتے ہیں۔ کئی وِڈیوز میں ان کے دوستوں کے ساتھ گزارے ہوئے لمحات اور ان کی سرگرمیاں، باکسنگ، پیرا شوٹنگ، ڈرائیونگ، اور اسٹریٹ فائٹنگ شامل ہیں۔

ان کی تصاویر ترک صدر رجب طیب اردگان کے ساتھ بھی دیکھی جا سکتی ہیں۔ ان کو کئی فلموں اور ٹی وی شوز کی آفرز ہو چکی ہیں۔ مگر ابھی وہ اپنا سارا وقت اپنے یو ٹیوب چینل کو دینا چاہتے ہیں۔ محض چار فٹ قد کی جسامت کے حامل کوکسل سخت غصیلے مزاج کے مالک ہیں، اور صنف نازک میں کوئی خاص دل چسپی نہی رکھتے۔ اس لیے ان کو رومانوی نہیں کہا جا سکتا۔

ان کی کام یابیوں اور شہرت کے سفر میں ان کے گہرے دوست سلیمان اوزکی کا ذکر نہ کرنا بھی زیادتی ہو گی۔ یہ سلیمان اوزکی ہی تھے، جنھوں نے 2013ء میں ان کا یو ٹیوب چینل شروع کرنے میں ان کی مدد کی۔ سلیمان اوزکی تریبزون شہر ہی میں ایک ریستوران چلاتے ہیں، جہاں کوکسل بابا اکثر چائے پینے جاتے ہیں۔ ان کی کئی وِڈیوز میں سلیمان اوزکی کو ان کے ساتھ پرفارم کرتےہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ مزے کی بات یہ ہے کہ ان دونوں دوستوں کی پہلی ملاقات ایک لڑائی ہی میں ہوئی تھی۔ جو جلد ہی گہری دوستی میں بدل گئی۔

کوکسل بابا کی اپنی ذاتی ویب سائٹ، ٹویٹر اکاونٹ، انسٹا گرام اور فیس بک اکاونٹ بھی موجود ہیں۔ اس کے علاوہ کوکسل بابا کو مشہور ترک ویب سائٹ، ٹرکش ہیبرلر (turkish haberler) پر بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ کوکسل بابا ان لوگوں کے لیے کام یابی کی ایک روشن مثال ہیں، جو اپنی کم زوری کو طاقت میں بدلنا چاہتے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).