آخر کار فرانسیسی صدر کا فون آ ہی گیا


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کو فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے ٹیلی فون کیا جس دوران دو طرفہ تعلقات اور خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے بات چیت کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی اس موقع پر فرانسیسی صدر نے توانائی اور آبی وسائل کے شعبوں میں تعاون کی خواہش کا اظہار کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے عالمی برادری پر مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں رکوانے پر زور دیا۔
فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے وزیراعظم کی جانب سے دی گئی دورہ پاکستان کی دعوت بھی قبول کرلی۔

یاد رہے کہ حال ہی میں میڈیا پر خبریں سرگرم تھیں کہ وزیراعظم عمران خان نے مصروفیات کے باعث فرانسیسی صدر کا فون سننے سے معذرت کرلی تھی تاہم دفتر خارجہ نے اس کی تردید کی۔

عام طور پر دو سربراہانِ مملکت کے درمیان فون پر بات کرنے کا وقت پہلے سے طے شدہ ہوتا ہے اور ایسا شاذ و نادر ہی ہوتا ہے کہ کسی حکمران کو دوسرے ملک کے حکمران کی جانب سے غیر متوقع طور پر کال موصول ہو۔

سربراہان مملکت کے درمیان فون کال سے قبل اس ملک کے سفارت خانے کی جانب سے درخواست کی جاتی ہے جس کے سربراہ گفتگو کرنے کے خواہشمند ہوں، جس میں فون پر ہونے والی بات چیت کے ایجنڈے کے بارے میں آگاہ کیا جاتا ہے، جس کے بعد اگر دوسرے حکمران کی جانب سے رضامندی کا اظہار کیا جائے تو سفارتی پروٹوکول کے مطابق کال کا وقت طے کیا جاتا ہے۔
بشکریہ جیو نیوز۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).