میاں بیوی جنہوں نے تین سال سے پھلوں کے علاوہ کچھ نہیں کھایا


ان میاں بیوی نے 3 سال سے فروٹ کے علاوہ کچھ نہیں کھایا، اس سے جسم میں کیا تبدیلی آئی؟ تفصیلات جان کر آپ بھی دنگ رہ جائیں گے

 

خوراک کے بارے میں طرح طرح کی آراءاور مشورے آپ سنتے رہتے ہوں گے۔ کوئی کہتا ہے کہ بہترین صحت کے لئے کاربوہائیڈریٹ والی غذائیں کم کھائیں، کوئی گوشت اور دودھ کے اوصاف بیان کرتا ہے، اور کوئی انہیں چھوڑ کر نباتاتی غذا پر توجہ دینے کا مشورہ دیتا ہے۔ یہ سب باتیں اپنی جگہ مگر ایسی نرالی بات آپ نے کبھی نہیں سنی ہو گی کہ سب کچھ چھوڑ کر صرف پھل کھائے جائیں۔ جی ہاں، اس منفرد جوڑے کو دیکھئے جو گزشتہ تین سال سے صرف پھل کھا رہا ہے، اور یہ اتنے خوش ہیں کہ ہر کسی کو صرف پھل کھانے کا مشورہ دیتے ہیں۔

اسے آپ حسن اتفاق کہہ سکتے ہیں کہ اس جوڑے کی پہلی ملاقات بھی انڈونیشیا کے ایک تفریحی جزیرے پر پھلوں کے باغ میں ہوئی تھی۔ پولینڈ کے دارالحکومت وارسا سے تعلق رکھنے والی 39 سالہ ٹینا سٹوکلوسا پہلے سے پھلوں کی بے حد شوقین تھیں۔ وہ کہتی ہیں کہ پانچ سال قبل انہوں نے اس بارے میں کچھ مطالعہ کیا اور اس نتیجے پر پہنچیں کہ صرف پھلوں پر مبنی غذا کا استعمال کیا جاسکتا ہے اور یہ صحت کے لئے غیر معمولی فوائد کا حامل ثابت ہوتا ہے۔

ٹینا نے صرف پھلوں پر مبنی غذا کا استعمال شروع کیا اور اپنے جسم میں غیر معمولی توانائی محسوس کرنے لگیں جبکہ ذہنی طور پر بھی خود کو بے حد مطمئن اور خوش محسوس کرتی تھیں۔ اُن کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس مخصوص غذا سے اپنا وزن 78کلوگرام سے کم کرکے 48 کلوگرام کیا جبکہ اس دوران وہ کوئی سخت ورزش نہیں کرتی تھیں اور نہ ہی وزن کم کرنے کے لئے کسی دو اکا استعمال کیا۔

انڈونیشیا کے تفریحی جزیرے بالی پر پہلی بار اُن کی ملاقات 26 سالہ سائمن بیون سے ہوئی۔ سائمن کا تعلق بیلجیئم سے ہے اور وہ کہتے ہیں کہ ٹینا کو پہلی بار دیکھا تو وہ انہیں بہت دلکش لگیں۔ اگرچہ وہ عمر میں ان سے بڑی تھیں لیکن شاید یہ اُن کی پھلوں پر مبنی غذا کا کرشمہ تھا کہ وہ اپنی عمر سے کہیں کم اور غیر معمولی طور پر دلکش نظر آ رہی تھیں۔

ٹینا نے سائمن کو بھی صرف پھلوں پر مبنی غذا پر لگادیا او راب تین سال ہوگئے ہیں کہ وہ دونوں سوائے پھلوں کے کچھ نہیں کھاتے۔ وہ کھانے میں تو پھل استعمال کرتے ہی ہیں مگر اکثر ایسا ہوتا ہے کہ وہ پینے کے لئے بھی صرف ناریل کا پانی استعمال کرتے ہیں۔

ٹینا اور سائمن کہتے ہیں کہ صرف پھل کھانے کے اتنے فائدے ہیں کہ ان کا شمار ممکن نہیں۔ دو سال سے انہوں نے دانت صاف نہیں کئے کیونکہ پھلوں میں موجود فائبر قدرتی طور پر ان کے دانت صاف کرتا رہتا ہے۔ وہ ذہنی و نفسیاتی الجھنوں سے مکمل طو رپر محفوظ ہیں اور اس تمام عرصے کے دوران انہیں کوئی معمولی سی بیماری بھی لاحق نہیں ہوئی۔ ٹینا کہتی ہیں کہ وہ کبھی موٹی ہوا کرتی تھیں لیکن جب سے صرف پھل کھانے شروع کئے ہیں وہ بھول ہی گئی ہیں کہ موٹاپہ بھی کوئی چیز ہوتی ہے۔وہ جہاں بھی جاتی ہیں اپنی مخصوص غذا کے فوائد بتانانہیں بھولتیں، اور کہتی ہیں کہ آپ ایک بار اس منفرد غذائی طرز زندگی کو آزما رکر تو دیکھیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).