عورتوں پر ہلکا تشدد کیوں؟


\"imranسوال یہ ہے کہ کیا ملا خدا اور آنحضورﷺ سے زیادہ معاشرے اور انسانیت کے مسیحا ہیں؟

ملائیت کا جنون پھن پھیلا کر دین اور مذہب کویرغمال بناتا جارہا ہے ۔ملا جیسے چاہے جس طرح چاہےدین کی تشریح کرے۔

جسے چاہے دائرہ اسلام میں شمولیت کی سند جاری کرےاورجسکے گلے میں چاہے خارج از اسلام کا طوق ڈال دے۔

پتہ نہیں ہم بدقسمت کس معاشرے کے باسی ہیں جہاں پر رنگ کی پگڑیوں اور پرنوں کا وائرس برینڈ بن  چکا ہے۔ اس برینڈ کے پرتو ہر طول و عرض میں اپنے آقائوں کے انجیکٹ شدہ مذہب کے نفاذ کے لئے ابلاغ کے تمام ذرائع استعمال کر رہے ہیں۔

دین اسلام کی من مرضی سے تشریح کرنے والوں نےعورتوں پر ہلکے تشددکی حمایت کرکے ایک اور پنڈورا باکس کھول دیا ہے۔

وہ چاہتے ہیں کہ عورت نام کی جنس کوجنبش ابرو کےنگیں کئے رکھیں۔ وہ کہیں تو عورت پلکیں اٹھائے، وہ کہیں تو وہ عورت مدعا بیان کرے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وہ عورت کی سوچ پر بھی پہرے بٹھانا چاہتے ہیں۔

بیانیہ تو یہ ہے کہ عورتوں پر تشدد کا  جواز کیا ہے؟

چار شادیوں کی حمایت اور اس روایت کو فروغ دینےوالوں سے سوال ہے کہ کیا وہ یہ نہیں جانتے کہ جس عورت پر ہلکے تشدد کو وہ جائز قرار دے رہے ہیں وہ عورت اپنی جان پر نہ کھیلے تو ہماری نسلوں کی بقا خطرے میں پڑ جائے؟

 تین طلاقوں اور رجوع کیلئے فتویٰ کی فروخت کا جمعہ بازار لگانے والوں سےسوال ہے کہ کیا ہماری بیٹیاں، بہنیں، بیویاں اور مائیں اتنی بدطینت ہیں کہ وہ تشدد کی مستحق ہیں؟

ہر وقت انصاف اور نیکی کا پرچار کرنے والوں سے سوال ہے کہ کیا وہ یہ نہیں جانتے کہ ہماری عورتیں پہلے ہی چوبیس گھنٹے بیگار کی غلامی میں ان دیکھے تشدد میں گرفتار ہیں؟

کیاعورتوں پر تشدد کرنے کے داعی اور حامی یہ نہیں جانتے کہ پیغمبر آخر الزماں آنحضور ﷺ نے بیٹیوں، بہنوں اور مائوں کے ساتھ کیسا رحمدلانہ  سلوک روا رکھنے کی تعلیم کی تھی ؟

کیا یہ نام نہاد مذہبی رہنما خدائے لم یزل اور  حضرت محمد ﷺ سے زیادہ عالم فاضل اور معاشرہ اور انسانیت کےمسیحا ہیں؟

اے خدا! ایک بار پھر تیرے حضور دست بدست درخواست گذار ہوں کہ

وطن عزیز کو ایسا بنا دے جہاں میری مائوں، بہنوں اور بیٹیوں سمیت تمام عورتوں کو تحفظ اورتکریم بھرا ماحول میسر ہوسکے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
1 Comment (Email address is not required)
Oldest
Newest Most Voted
Inline Feedbacks
View all comments