کیا عمران خان کے والد کے انتقال پر نواز شریف زمان پارک گئے تھے؟


سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر پوری قوم غمزدہ تھی اور ان کے جنازے پر نہ صرف لیگی رہنماﺅں اور کارکنان نے شرکت کی بلکہ حکومتی رہنماﺅں اور پاکستان کی دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنما بھی جنازے پر پہنچے اور رسم قل پر بھی شرکت کی۔ سابق وزیراعظم نواز شریف سے آصف علی زرداری اور چوہدری شجاعت نے بھی ملاقات کی لیکن وزیراعظم عمران خان بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر شریف خاندان سے اظہار افسوس کرنے جاتی امرا نہیں پہنچے۔  کچھ حلقوں سے رائے دی گئی کہ وزیراعظم عمران خان کو بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر شریف خاندان سے اظہار افسوس کرنے جاتی امرا جانا چاہیے تھا۔ اس کے ردعمل میں سوال اٹھایا گیا کہ کیا عمران خان کے والد کے انتقال پر نواز شریف زمان پارک گئے تھے؟

سینئر صحافی عمر چیمہ نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر نواز شریف اور عمران خان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان سے سوال کیا کہ کیا وہ اس تصویر کی تصدیق کرسکتے ہیں؟ تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نواز شریف اور عمران خان اکرام اللہ خان کی وفات پر فاتحہ خوانی کر رہے ہیں ۔ واضح رہے کہ مارچ 2008 میں جب وزیراعظم عمران خان کے والد اکرام اللہ خان کا انتقال ہوا تھا تو اس وقت نواز شریف نے زمان پارک جا کر عمران خان سے اظہار افسوس کیا تھا۔ 2013کی انتخابی مہم کے دوران جب عمران خان الیکشن سے تین دن پہلے سٹیج سے گر کر شدید زخمی ہوئے تھے تو نواز شریف فوری طور پر انہیں شوکت خانم ہسپتال بھی ملنے گئے تھے۔

https://www.nytimes.com/2013/05/15/world/asia/pakistans-nawaz-sharif-offers-truce-and-flowers-to-rival.html


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).