طیارے میں کیبن پریشر آخر ہوتا کیا ہے؟


جہاز

جہاز میں دو کیبن پریشر مشینیں ہوتی ہیں، جو اندر آکسیجن کی فراہمی کو برقرار رکھتی ہیں

انڈیا میں دوران پرواز پائلٹ کی جانب سے طیارے کے اندر کیبن پریشر یا ہوا کے دباؤ کو برقرار رکھنے کے سوئچ کو آن نہ کرنے کی وجہ سے 30 سے زیادہ مسافر زخمی ہوئے۔

جیٹ ایئر ویز کی فلائٹ 9 ڈبلیو 697 ممبئی سے جے پور جا رہی تھی اور پرواز کی تھوڑی دیر بعد حادثہ پیش آنے کی وجہ سے طیارے کو واپس لینڈ کرنا پڑا۔ حکام کے مطابق جہاز کا عملہ دوران پرواز جہاز میں ہوا کے دباؤ کو برقرار رکھنے کا سوئچ آن کرنا بھول گیا تھا۔

کیبن پریشر کیا ہوتا ہے؟

ہم انسانوں کو زندہ رہنے کے لیے آکسیجن کی ضرورت ہوتی ہے، جیسے جیسے ہم بلندی پر جاتے ہیں، ہمیں آکسیجن کی کمی محسوس ہونے لگتی ہے۔

زمین سے اوپر جانے پر ہوا کا دباؤ بھی کم ہونے لگتا ہے۔ اوپر ہوا کا دباؤ کم ہونے پر آکسیجن کے ایٹم بکھرنے لگتے ہیں۔

سمندر کی سطح سے 5.5 کلومیٹر بلندی پر آکسیجن کی مقدار تقریباً نصف رہ جاتی ہے اور تقریباً سات کلومیٹر کی بلندی پر آکسیجن کی سطح ایک تہائی رہ جاتی ہے۔

سمندر کی سطح سے تقریباً 2.5 کلومیٹر بلندی پر پرواز سے انسان کو کئی طرح کی پریشانیاں ہو سکتی ہیں، جیسے سر درد، قے اور جی متلانا۔

سبھی طیارے اندر سے پریشر کو برقرار رکھتے ہیں تاکہ لوگ آرام سے سانس لے سکیں جب کہ جہاز کے باہر دباؤ کافی ہوتا ہے۔

طیارے میں آکسیجن کا سلینڈر نہیں لے کر جا سکتے اس لیے اوپر آسمان میں موجود آکسیجن کو جہاز کے اندر اکٹھا کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

طیارے کے انجن سے جڑے ٹربائن باہر کے آکسیجن کو کمپریس کر کے اندر لاتے ہیں، انجن سے ہوکر گزرنے کی وجہ سے ہوا کا درجہ حرارت بہت زیادہ ہو جاتا ہے جس کی وجہ سے اس سے سانس لے پانا مشکل ہوتا ہے۔

ایسے میں کولنگ ٹیکنالوجی سے اسے ٹھنڈا کیا جاتا ہے، جس کی وجہ سے اس میں نمی کم ہوتی ہے۔

اگر کیبن میں کسی وجہ سے پریشر کم ہوتا ہے تو سیٹ کے اوپر ایک اضافی آکسیجن ماسک کی سہولت موجود ہوتی ہے، جسے ضرورت پڑنے پر مسافر استعمال کر سکتے ہیں۔

جہاز

اگر کیبن میں کسی وجہ سے پریشر کم ہوتا ہے تو سیٹ کے اوپر ایک اضافی آکسیجن ماسک کی سہولت موجود ہوتی ہے

جہاز کے کن کن حصوں میں پریشر ایریا ہوتے ہیں؟

1: کاک پٹ

2: کاک پٹ کے نچلے حصے میں

3: کیبن میں

4: کارگو کمپارٹمنٹ میں

کیبن پریشر مشینیں کتنی ہوتی ہیں؟

طیارے میں دو کیبن پریشر مشینیں ہوتی ہیں، جو اندر آکسیجن کی فراہمی کو برقرار رکھتی ہیں۔

ایک وقت میں ایک مشین موٹر ہی کام کرتی ہے، جبکہ دوسری ایمرجنسی کے لیے ہوتی ہے۔ یہ دونوں موٹریں آٹومیٹک ہوتی ہیں، جبکہ مزید ایک موٹر ہوتی ہے جو مینوئلی کام کرتی ہے۔

دونوں آٹومیٹک موٹریں بند یا خراب ہونے پر تیسری موٹر کا استعمال کیا جاتا ہے۔

کیا ہوتا ہے پریشر کم ہونے پر؟

زیادہ بلندی پر پرواز کرنے پر نہ صرف ہمیں سانس لینے میں مشکل ہوتی ہے بلکہ ہمارا دماغ اور جسم ٹھیک طریقے سے کام کرنا بند کر دیتا ہے۔

کوئی ذائقہ چکھنے یا سونگھنے کی حس بھی 30 فیصد تک کم ہو جاتی ہے۔ یہی وجہ ہوتی ہے کہ من پسند کھانا بھی جہاز میں ذائقے دار نہیں لگتا۔ نمی کم ہونے کی وجہ سے آپ کو پیاس زیادہ لگتی ہے۔

کیبن پریشر کم ہونے کی وجہ سے خون کے بہاؤ میں نائٹروجن کی مقدار بڑھ جاتی ہے جس کی وجہ سے جوڑوں میں درد، لقوا، یہاں تک کہ یہ موت کی وجہ بھی بن سکتی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32507 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp