سعودی عرب کو ’سی پیک‘ میں شمولیت کی دعوت


پاکستان کی نئی حکومت کے مطابق سعودی عرب وہ پہلا ملک ہے جسے پاکستان نے سی پیک میں تیسرا پارٹنر بننے دعوت دی ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب کی تفصیالات سے آگاہ کیا۔

انھوں نے بتایا کہ اکتوبر کے پہلے ہفتے میں ایک معتبر سعودی وفد پاکستان آئے گا۔ سعودی وزیر خزانہ ، وزیر توانائی اور بزنس سے متعلقہ شخصیات آئیں گے۔

‘سی پیک میں اب ہمارا تیسرا سٹریٹیجک یا اقتصادی پاٹنر جو ہو گا وہ سعودی عرب ہو گا اور بہت بڑی سرمایہ کاری سعودی عرب سے پاکستان کو اس راستے میں ملیں گی۔۔۔۔’

’سعودی عرب سے پاکستان کو سی پیک کے ذریعے بہت بڑی سرمایہ کاری ملے گی۔

مزید پڑھیے

این او سی جاری، راحیل شریف سعودی عرب روانہ

عمران خان کا طیارہ فوجی اڈے سے اڑنے پر جواب طلب

وزیر داخلہ نے بتایا کہ اس سلسلے میں دونوں ممالک نے ایک خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دی ہے۔

پاکستان نے سعودی عرب کو یقین دلایا کہ ان کی سکیورٹی کے جو معاملات ہیں ان میں ہم جس طرح کی بھی مدد کر سکتے ہیں وہ مدد مہیا کی جائے گی۔’

خیال رہے کہ گذشتہ روز وزیراعظم دوروزہ دورہ سعودی عرب مکمل کرنے کے بعد متحدہ عرب امارات کر کے وطن واپس پہنچے۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ یو اے ای کا وفد بھی پاکستان آئے گا۔

انھوں نے بتایا کہ پاکستان اور سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعلقات میں برسوں سے موجود سرد مہری حالیہ دورے سے ختم ہوئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ سعودی عرب اور یو اے ای میں مقیم پاکستانیوں کی درپیش مشکلات پر بھی بات ہوئی۔

پاکستانی حکام کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں بتایا گیا تھا کہ وزیراعظم نے عمرے کی ادائیگی کے بعد سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد سلمان سے ملاقاتیں کیں۔

سعودی حکام نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ملک کو سماجی اور معاشی طور پر اسلامی اصولوں کے مطابق فلاحی ریاست بنانے کے خواب کی تعریف کی اوریقین دہانی کروائی کہ سعودی لیڈر شپ اس کے لیے پاکستان کی جس حد تک ہو سکے گا مدد کرے گی۔

وزیر اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ سعودی عرب یا کسی دوسرے ملک کی جانب سے نواز شریف کی رہائی کے لیے کوئی بات نہیں ہوئی۔

’جو لوگ یہ کہہ رہے ہیں کہ سعودی عرب سے پتہ نہیں بات ہوئی یا کریں گے پھر ان کو پتہ ہی نہیں سعودی عرب اور نواز شریف کے تعلقات کیا ہیں۔۔۔۔ نہ کسی ملک نے کہا کہ نواز شریف۔۔۔ تمام دنیا میں اس وقت کرپشن کے خلاف ایک تحریک چل رہی ہے۔ اور محمد بن سلمان عرب دنیا میں کرپشن کے خلاف تحریک کے سرخیل ہیں تو وہ کیسے کہہ سکتے ہیں کہ پاکستان میں کسی شخص کو چھوڑ دیا جائے۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32540 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp