خلائی جہاز ہایابوسا-2 سیارچے پر روبوٹ اتارنے کے قریب


جاپانی خلائی ادارے نے خلائی جہاز ہایابوسا 2 کی مدد سے زمین سے 32 کروڑ کلومیٹر دور ایک سیارچے کی طرف دو روبوٹ روانہ کر دیے ہیں۔

جمعے کے روز ہایابوسا-2 نے دو پروب ’ریوگو‘ (Ryugu) نامی سیارچے پر اترنے کے لیے روانہ کر دیے ہیں۔

روور 1A اور 1B سیارچے کی کمزور کشش ثقل کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سیارچے کا چکر لگائیں گے اور ساتھ ہی ساتھ اس کی سطح کی تصاویر بھی لیں گے۔

ہایابوسا-2 ساڑھے تین برس کے سفر کے بعد اس سال جون میں ریوگو کے قریب پہنچا تھا۔ یہ انساتی تاریخ میں محض دوسرا موقع ہے کہ کوئی خلائی مشن کسی سیارچے پر روبوٹ اتارنے جا رہا ہے۔

https://twitter.com/haya2_jaxa/status/1043001614968094721

ایک کلومیٹر چوڑا ریوگو سیارچہ، جس کا مکمل نام ’ریوگو 162173‘ ہے، ایک انتہائی قدیم سیارچہ ہے جو نظامِ شمسی کے ساتھ ہی وجود میں آیا تھا۔ سائنس دانوں کا خیال ہے کہ اس سیارچے پر ملنے والے شواہد سے انھیں ہمارے سیارے، یعنی زمین کی تاریخ کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔

دونوں روور خلائی جہاز ہایابوسا-2 کے نیچے نصب تھے، اور ان کا کل وزن 3.3 کلو بتایا جاتا ہے۔ ان دونوں کو ’منیروا-II-1‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔

ہایابوسا-2 نے جمعرات کو سیارچے کی طرف پرواز شروع کی تھی اور جمعے کی صبح دونوں روبوٹ 60 میٹر کے فاصلے پر اس سے الگ ہو کر سیارچے کی طرف اترنے لگے۔

تقریباً ایک ایک کلو وزنی روور کمزور کشش ثقل میں اچھل کر سیارچے کا جائزہ لیں گے۔ ہر روور میں مختلف اقسام کے کیمرے نصب ہیں۔ اس کے علاوہ روور پر لگے سینسر سیارچے کے درجۂ حرارت پر بھی نظر رکھیں گے۔

دونوں روور معلومات اکٹھی کر کے خلائی جہاز کو بھیجیں گے، اور پھر یہ تمام ڈیٹا زمین پر موجود سائنس دانوں کو بھیجا جائے گا۔

https://twitter.com/planet4589/status/1043006448047874048

جاپانی خلائی ادارے کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری ہونے والی تصاویر میں سیارے پر ہایابوسا-2 کا سایہ بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ تازہ ترین معلومات کے مطابق خلائی جہاز دونوں روبوٹ اتار کر سیارچے کے مدار میں محفوظ فاصلے پر واپس آ گیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32483 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp