انڈین سپنر شہزاد ندیم کا نیا عالمی ریکارڈ: دس رنز کے عوض آٹھ وکٹیں


شہزاد ندیم

انڈیا کے سپنر شہزاد ندیم نے دس رنز کے عوض آٹھ وکٹیں حاصل کر کے محدود اووروں کی لسٹ اے کرکٹ کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر لیا ہے۔

بائیں ہاتھ سے بولنگ کرنے والے 29 سالہ سپنر نے انڈیا کے قومی ٹورنامنٹ وجے ہزارے ٹرافی کے ایک میچ میں جھارکھنڈ کی طرف سے راجستھان کے خلاف کھیلتے ہوئے دس اووروں میں یہ کارنامہ سرانجام دیا۔

اس دوران شہزاد نے ایک ہیٹ ٹرک کی بھی کی جو دو اووروں پر محیط تھی۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ انڈیا ہی کے راہل سنگھوی کے پاس تھا جنھوں نے 15 رنز دے کر آٹھ وکٹیں لی تھیں۔

چینئی میں کھیلے جانے والے اس میچ میں پہلی آٹھوں وکٹیں شہزاد نے حاصل کی تھیں، جب کہ آخری دو وکٹیں انکل رائے نے لے لیں۔

شہزاد نے بین الاقوامی کرکٹ نہیں کھیلی، تاہم وہ انڈیا اے اور انڈر 19 ٹیموں میں کھیل چکے ہیں۔ وہ آئی پی ایل میں دہلی ڈیئر ڈیولز کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں۔

انھوں نے اس پرفارمنس کے بعد کہا: ’جب بھی میں قومی کرکٹ یا آئی پی ایل میں اچھا کھیلتا ہوں تو میرے والدین، میری بیوی مجھے کہتے ہیں کہ یہ تو کچھ نہیں، تمھارا اصل مقصد انڈیا کے لیے کھیلنا ہے۔ آج بھی میرے والد نے مجھے فون کر کے تعریف تو کی لیکن کہا کہ میرا اصل خواب انڈیا کے لیے کھیلنا ہونا چاہیے۔‘

https://twitter.com/BCCIdomestic/status/1042661907784585216

اس تباہ کن بولنگ کی وجہ سے راجستھان کی ٹیم صرف 73 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، جب کہ جھارکھنڈ نے یہ ہدف 14.3 اووروں میں تین وکٹوں کے نقصان پر پورا کر کے میچ سات وکٹوں سے جیت لیا۔

محدود اووروں کی اے لسٹ کرکٹ کا وہی مرتبہ ہے جو اننگز والی کرکٹ میں فرسٹ کلاس کا ہوتا ہے۔ لسٹ اے کرکٹ کے میچ عام طور پر 50 اووروں پر مشتمل ہوتے ہیں اور اس میں ٹی20 نہیں آتی۔

ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں بہترین بولنگ کا عالمی ریکارڈ سری لنکا کے چمندا واس کے پاس ہے جنھوں نے زمبابوے کے خلاف 2001 میں 19 رنز دے کر آٹھ وکٹیں لی تھیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32294 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp