نواز شریف نے بالآخر آصف علی زرداری سے سیاسی مدد مانگ لی


سابق وزیراعظم نواز شریف نے متحدہ اپوزیشن کے معاملے پر شریک چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی آصف علی زرداری سے مدد مانگ لی ہے۔ نجی ٹی وی ذرائع کے مطابق حکومت کے خلاف اپوزیشن کو متحد کرنے کے لیے مسلم لیگ ن نے پیپلز پارٹی سے رابطہ کیا ہے۔ راجہ ظفر الحق کی قیادت میں مسلم لیگ ن کا وفد پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیر بخاری کی رہائش گاہ پہنچا ہے۔ مسلم لیگ ن کے وفد میں سینیٹر چوہدری تنویر، طارق فضل چوہدری اور انجم عقیل شامل ہیں۔

ملاقات میں راجہ ظفرالحق نے نواز شریف کا پیغام پیپلز پارٹی تک پہنچا دیا ہے۔ راجہ ظفر الحق نے پاکستان مسلم لیگ ن کے موقف سے پیپلز پارٹی کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ مشترکہ حکمت عملی کے تحت موجود حکومت کو ٹف ٹائم دیا جا سکتا ہے۔ متحدہ اپوزیشن کے لئے پیپلز پارٹی ن لیگ کا ساتھ دے۔ متحدہ اپوزیشن کے تحت پارلیمنٹ کے اندر اور باہر موثر انداز میں آواز بلند کی جا سکتی ہے۔ ن لیگ نے پیپلز پارٹی کو ضمنی انتخابات میں مشترکہ امیدوار لانے کی بھی پیشکش کی ہے۔ جنرل سیکریٹری پیپلز پارٹی نیر حسین بخاری نے ن لیگ کی پیش کش پر کہا کہ ن لیگ کا موقف پارٹی قیادت تک پہنچاؤں گا۔ پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعد جواب دیا جا سکتا ہے۔

ضمنی انتخابات میں مشترکہ امیدوار کھڑے کرنے سے متعلق جلد آگاہ کروں گا لیکن جس پارٹی کا امیدوار رنراپ ہے وہی امیدوار لانا چاہیے۔ صوبہ وار امیدواروں کی فہرستیں بنائی جائیں۔ دوسری جانب مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کل اسلام آباد پہنچ رہے ہیں اور ان کی آمد کے بعد مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیاں رابطے مزید بڑھیں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).